شوماکر کی حالت کے بارے میں کچھ ’اچھی خبر نہیں ‘ سابق سربراہ فیراری ٹیم

ہفتہ 6 فروری 2016 12:29

شوماکر کی حالت کے بارے میں کچھ ’اچھی خبر نہیں ‘ سابق سربراہ فیراری ..

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 فروری۔2016ء)جرمنی سے تعلق رکھنے والے فارمولا ون ڈرائیور مائیکل شوماکر کی فیراری ٹیم کے سابق سربراہ نے کہاہے کہ شوماکر کی حالت کے بارے میں حالیہ خبریں ’اچھی نہیں ہیں تاہم انھوں نے اس بارے میں مزید کچھ بتانے سے انکار کر دیا۔لوکا ڈی مونٹیزیمولو نے صحافیوں کو بتایا کہ میرے پاس ایک خبر ہے اور بدقسمتی سے یہ اچھی نہیں ہے۔

جب مائیکل شوماکر کے ترجمان سبائن کیہم سے رابطہ کیا گیاتو انھوں نے کوئی جواب دینے سے انکار کردیا ۔

(جاری ہے)

لوکا ڈی مونٹیزیمولو کا کہنا تھا کہ زندگی عجیب ہے ‘وہ ایک بہترین ڈرائیور تھے اور 1999 میں فیراری کے ساتھ ان کا صرف ایک حادثہ ہوا تھا۔خیال رہے کہ 47 سالہ شوماکر سات بار عالمی چیمپیئن رہ چکے ہیں اور 2012 میں انھوں نے دوسری بار ریٹائرمنٹ لی تھی۔دسمبر 2013 میں سکیئنگ کے دوران کے پیش آنے والے حادثے میں ان کے سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔ فرنچ ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع ایک الپائن ریزورٹ میں سکیئنگ کے دوران ان کا سر ایک چٹان سے ٹکرا گیا تھا۔فرانس میں ہونے والے حادثے کے بعد سوئٹزرلینڈ میں اب بھی وہ اپنے گھر میں انتہائی نگہداشت کی حالت میں ہیں۔