پھانسی کے ایک سین نے حقیقت میں‌ ہی اطالوی اداکار کی جان لے لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 6 فروری 2016 15:57

پھانسی کے ایک سین نے  حقیقت میں‌ ہی اطالوی اداکار کی جان لے لی

پیسا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔06 فروری 2016ء): اٹلی سے تعلق رکھنے والے ایک اداکار رافیل شمیچر کو پھانسی کے ایک سین کے بعد مُردہ قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 27 سالہ اداکار رافیل پیسا کے ایک تجرباتی تھیٹر پروڈکشن میں پرفارم کر رہا تھا۔ جب تھیٹر میں موجود ایک ممبر نے یہ بات نوٹس کی کہ رافیل کی گردن کے گرد رسی کا گھیرا کچھ زیادہ ہی تنگ ہے۔

سین کی عکسبندی کے وقت رافیل کا چہرہ ڈھکا ہوا تھا لیکن وہاں موجود ایک خاتون میڈیکل گریجویٹ نے رافیل کا کانپنا محسوس کیا اور فوری طور پر بھانپ گئی کہ کچھ غلط ہے۔ رسی اُتارنے کے بعد رافیل کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کومہ میں چلا گیا۔ بعد ازاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ رافیل کا دماغ آکسیجن کی عدم فراہمی کے باعث مکمل طور پر مُردہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

اسپتال کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ رافیل کے اہلٍ خانہ نے اس کے اعضا کو عطیہ کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ تھیٹر کمپنی کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ سکرپٹ میں دراصل ایک نقلی فائرنگ کا سین دکھایا گیا تھا لیکن رافیل نے بتائے بغیر ہی اس سین کو بدل کر رسے سے لٹکنے والا سین شامل کر دیا۔ تاہم پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس چار افراد سے تحقیقات کر رہی ہے، دوسری جانب رافیل کے اہلٍ خانہ اور قریبی دوست احباب یہ ماننے کو تیار ہی نہیں ہیں کہ رافیل خود اپنی جان لے سکتا ہے۔