ڈاکٹر اجمل رضوی کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اتحاد امت کیلئے کاوشیں کی جائیں ،دہشت گردی وفرقہ واریت کیخلاف جہاد کیا جائے ،جامعۃ الکوثر کی لائبریری کو ڈاکٹر اجمل رضوی سے نسبت دے دی گئی

قائد تحریک جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی ، ڈاکٹر غضنفر ، محسن نجفی اور سید شمیم حیدر رضوی کاکانفرنس سے خطاب

ہفتہ 6 فروری 2016 17:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء) قائد تحریک جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر سید اجمل حسین رضوی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اتحاد امت کیلئے کاوشیں کی جائیں تاکہ دہشت گردی کا ملکر خاتمہ کیا جاسکے ۔ وہ ہفتہ کو جامعۃ الکوثر یونیورسٹی میں نامور سماجی ودینی شخصیت اور معالج ڈاکٹر سید اجمل حسین رضوی کے اٹھارہویں یوم وفات پر خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سید اجمل حسین رضوی نے تمام مکاتب فکر کی مساجد اور امام بارگاہوں کی تعمیر میں ذاتی دلچسپی لی اور ان کے اخراجات کا سارا بوجھ اپنے نازک کندھوں پر ڈال دیا۔ انہوں نے کہا مہاجرین کی آباد کاری کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ آل پاکستان شعیہ کانفرنس کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا کہ ڈاکٹر سید اجمل حسین رضوی نے اپنی رہائشگاہ پر تین قومی کنونشن کروائے انہیں تحریک جعفریہ کا سربراہ منتخب کیا گیا اور انہوں نے سالہا سال تک احسن انداز میں یہ خدمت سرانجام دی ۔

(جاری ہے)

علامہ شیخ محسن علی نجفی نے کہا کہ ڈاکٹر سید اجمل حسین رضوی تعلیم کے فروغ کیلئے سب سے زیادہ نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیت تھے ۔جامعۃ الکوثر یونیورسٹی کیلئے سی ڈی اے نے زمین تو الاٹ کر دی لیکن اس کا معاوضہ ڈاکٹر سید اجمل حسین رضوی نے ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سید اجمل رضوی نے اپنی تمام زندگی جہاد میں گزاری اور ان کی خواہش تھی کہ عالمی سطح پر صحیح اسلام کی ترجمانی ہو۔

انہوں نے کہا کہ انہیں عالمی سطح پر پہچانا جاتا تھا اور آیت اﷲ مہدی الحکیم ایسی شخصیات انکے ہاں مہمان کی حیثیت سے رہیں۔تقریب سے علامہ شیخ انور علی نجفی ، سیدہ فاطمہ زہرا رضوی ، گل محمد نقوی ، شمیم حیدر رضوی اور ان کے فرزند سید افضل حسین رضوی نے ڈاکٹر سید اجمل حسین رضوی کی شخصیت اور خدمات پر روشنی ڈالی ۔ ڈاکٹر سید اجمل حسین رضوی کی مغفرت کیلئے اجتماعی دعا کی گئی ۔ اس موقع پر علامہ شیخ محسن علی نجفی نے اعلان کیا کہ جامعۃ الکوثر کی آڈیو ویڈیو لائبریری کو ڈاکٹر سید اجمل حسین رضوی کی ذات سے نسبت دی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :