Live Updates

تحریک انصاف کا پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری ، بڑھتی مہنگائی ، اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مناسب کمی نہ کئے جانے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ ، سینکڑوں افراد کی شرکت

موجودہ جمہوری حکومت ظالم ثابت ہورہی ہے، وہ عوام دشمن پالیسی پر عمل پیرا ہے، من پسند اور نااہل لوگوں کو اہم اداروں میں لگایا جا رہا ہے، پٹرول کی قیمت 46روپے تک لائی جائے ، حکومت کی پالیسیوں کے خلاف عمران خان کے لائحہ عمل پرپورے ملک میں عمل کیا جائے گا، تحریک انصاف کے رہنماؤں غلام سرور ، ڈاکٹر نفیسہ ، سیف اﷲ نیازی اور دیگرکا خطاب

ہفتہ 6 فروری 2016 19:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری ، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مناسب حد تک کمی نہ کئے جانے کے خلاف آبپارہ چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت ،مظاہرین پی آئی اے کی نجکاری ،بے روزگاری ،مہنگائی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے، مظاہرین نے کتبے اور بینرز بھی لگارکھے تھے جن پر پی آئی اے کی نجکاری نا منظور ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرو اور دیگر نعرے درج تھے۔

اس موقع پر مقررین نے کہاکہ (ن) لیگ نے وعدہ کیا تھا کہ حکومت میں آکر لوڈشیڈنگ ختم کریں گے،بجلی سستی کریں گے اور بیروزگاری کا خاتمہ کریں گے لیکن 3سال گزرنے کے باوجود وعدے پورے نہیں کیے،جمہوری حکومت ظالم حکومت ثابت ہورہی ہے، حکومت عوام دشمن پالیسی پر عمل پیرا ہے ، کرپشن اور بدعنوانی عروج پر ہے ، من پسند اور نااہل لوگوں کو اہم اداروں میں لگایا جا رہا ہے، پٹرول کی قیمت 46روپے تک لائی جائے ، حکومت کی پالیسیوں کے خلاف تحریک انصاف کے قائد جو لائحہ عمل دیں گے اس پرپورے ملک میں عمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دفتر سے آبپارہ چوک تک ریلی نکالی گئی جو بعد میں بڑے احتجاجی مظاہرہ کی شکل اختیار کر گئی اور چوک پر جلسہ کیاگیا جس سے اہم رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مظاہرے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں غلام سرور خان، ڈاکٹر نفیسہ خٹک ، سیف اﷲ نیازی ، صداقت عباسی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سیف اﷲ نیازی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے وعدہ کیا تھا کہ حکومت میں آکر لوڈشیڈنگ ختم کریں گے،بجلی سستی کریں گے اور بیروزگاری کا خاتمہ کریں گے لیکن 3سال گزرنے کے باوجود وعدے پورے نہیں کیے۔ جمہوری حکومت ظالم حکومت ثابت ہورہی ہے، حکومت عوام دشمن پالیسی پر عمل پیرا ہے ، کرپشن اور بدعنوانی عروج پر ہے ، من پسند اور نااہل لوگوں کو اہم اداروں میں لگایا جا رہا ہے ، پرویز رشید نواز شریف کا گوئبلزہے ، گوئبلزنے کہا تھا کہ جھوٹ اتنا بولو کہ سچ لگنے لگے۔

68سالوں میں جتنا قرض لیاگیا ہے حکومت نے 3سالوں میں لے لیا ،حکومت نے 3سالوں میں5000ارب کے قرضے لیے اور آنے والی نسلوں کو مقروض بنادیا اور گروی رکھ لیا۔ قرضہ اگر عوام کی فلاح وبہبود اور ملکی ترقی میں لگتا تو ملک کو فائدہ ہوتا، سارا فنڈمیٹرو جیسے منصوبوں میں لگایا جارہا ہے جہاں سریا اور سیمنٹ استعمال کرکے اپنے حواریوں کو فائدہ پہنچا یا جارہاہے ، حکومت نے کہاتھا کہ ٹیکس نیٹ بڑھائیں جائیں گے لیکن امیروں کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم شروع کر دی ہے اور سارابوجھ غریبوں پر لاد دیا گیا ہے، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے عوام کو ڈنڈے مارے جارہے ہیں اور شہید کیا جارہا ہے ، اوگرا نے پٹرول کی قیمت کم کرنے کی سفارش کی تو حکومت نے صرف 5روپے کم کی، تمام ٹیکس سمیت عالمی مارکیٹ کے مطابق پٹرول کی قیمت 46روپے سے زیادہ نہیں بنتی، پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف احتجاج میں شہید ہونے والوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، حکومت کی پالیسیوں کے خلاف تحریک انصاف کے قائد جو لائحہ عمل دیں گے اس پرپورے ملک میں عمل کیا جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات