مجلس وحدت مسلمین کی کوئٹہ بم دھماکے کی شدید مذمت

دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں،انہیں جب تک عبرتناک انجام سے دوچار نہیں کیا جاتا تب تک ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں،بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گر عناصر کی خفیہ کمین گاہوں کوبھرپور فوجی آپریشن سے کچلنا ہو گا، علامہ ناصر جعفری

ہفتہ 6 فروری 2016 20:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں۔انہیں جب تک عبرتناک انجام سے دوچار نہیں کیا جاتا تب تک ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گر عناصر نے اپنی خفیہ کمین گاہیں بنا رکھی ہیں ۔

بھرپور فوجی آپریشن سے ان کو کچلنا ہو گا۔ بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع ایک ناقابل تلافی نقصان اور ناقابل بخشش گناہ ہے۔دہشت گردی کے مرتکب درندہ صفت عناصر بے رحمانہ سزاؤں کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا ملک میں بدامنی پھیلا کر وطن عزیز کو معاشی عدم استحکام سے دوچار کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملکی معشیت کی مضبوطی اور اقتصادی ترقی کے لیے بھی دہشت گردی کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔

سیاسی و عسکری قوتوں کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے یکساں انداز میں آگے بڑھنا ہو گا۔دہشت گردی کے تدارک اور مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے ضرب عضب کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔نیشنل ایکشن پلان کے حکومت انتقامی کاروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی بجائے دہشت گردی کی سرکوبی کے لے بروئے کار لائے بصورت دیگر یہ قانون اپنی افادیت کھو بیٹھے گا۔علامہ ناصر نے کوئٹہ میں شہید ہونے والوں کی بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :