وزیراعظم ملک کے ساتھ اتفاق فاؤنڈری جیسا سلوک کرنے سے گریز کریں ، ملک کے مزدور طبقے کو نشانہ بنانا بند کیاجائے، وہ اپنے گلو بٹوں کو احتجاج کرنے والے پی آئی اے کے معصوم ملازمین کو ہراساں کرنے سے روکیں

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کابیان

ہفتہ 6 فروری 2016 22:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف ملک کے ساتھ اتفاق فاؤنڈری جیسا سلوک کرنے سے گریز کریں اور ملک کے مزدور طبقے کو نشانہ بنانا بند کریں، اپنے کارندوں اور گلو بٹوں کو احتجاج کرنے والے پی آئی اے کے معصوم ملازمین کو ہراسان کرنے سے روکیں ۔

ہفتہ کو یہاں سے جاری کردہ بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا پیغام واضح ہے کہ پیپلزپارٹی شروع سے ہی مزدور طبقے کے ساتھ مل کر ان کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور کچھ بھی ہو جائے لیکن پیپلزپارٹی ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی، بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں، کارکنان اور تمام جیالوں سے کہا ہے کہ وہ پیپلز یونٹی سمیت پی آئی اے کے ملازمین کے احتجاج میں شامل رہیں اور اتحاد کے ذریعے نواز شریف حکومت کو بتائیں کہ ہم سب ایک ہیں اور نام نہاد نجکاری کے نام پر شریف خاندان کے حصے داروں کو قومی اثاثے تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج کرنا پاکستان کے شہریوں کا بنیادی حق ہے لیکن لگتا ہے کہ نواز شریف ڈکٹیٹر جنرل ضیاء کی دنیا میں رہتا ہے اس لیے احتجاج کرنے والے مزدوروں پر تشدد کر رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے نواز حکومت کو خبردار کیا کہ شریف خاندان کے کارندوں کے ہاتھوں اغوا شدہ ہدایت اﷲ سمیت پیپلز یونٹی کے دیگر رہنماؤں کو پیش کرکے پی آئی اے ملازموں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ نواز شریف لاکھوں پاکستانیوں سے روزگار چھیننے کے لیے مزدور دشمن پالیسی پر عمل پیرا ہے، کھوکھلے منصوبوں پر اربوں روپے ضایع کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے قومی خزانے کو بڑا نقصان ہو رہا ہے،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز لیگ پیپلزپارٹی حکومت میں ریگیولر کیے گئے وفاقی حکومت کے 70ہزار ملازمین کو بے روزگار کرنے کی سازش کر رہی ہے، وزیر اعظم ایسا کوئی بھی قدم نہ اٹھائیں۔