سعودی عرب نے واٹس ایپ صارفین پر کال کرنے کی پابندی ختم کردی،صارفین کا خیرمقدم

حکومتی اقدام سے ٹیلی کام مارکیٹ میں مثبت اثر پڑے گا اور مقامی و انٹرنیشنل کالز کے ریٹس کم ہوں گے،سافٹ ویئرانجینئر

اتوار 7 فروری 2016 15:58

سعودی عرب نے واٹس ایپ صارفین پر کال کرنے کی پابندی ختم کردی،صارفین ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 فروری۔2016ء) سعودی عرب نے واٹس ایپ صارفین پر بالآخر کال سروس کی پابندی ختم کردی ، صارفین اب اس سہولت سے بالکل مفت فائدہ اٹھاسکیں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں واٹس ایپ سروس پر پابندی عائد تھی اور صرف میسجنگ سروس مہیا کی گئی تھی لیکن اب کال کرنے پر عائد پابندی بھی اٹھالی گئی۔ریاض میں موجود سافٹ ویئرانجینئر فیصل حلیم نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ ٹیلی کام مارکیٹ میں اس اقدام سے مثبت اثر پڑے گا اور مقامی و انٹرنیشنل کالز کے ریٹس کم ہوں گے۔

کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کے طالبعلم سلطان عبداﷲ نے بتایاکہ اْسے ساتھی طلباء کی جانب سے پابندی اٹھائے جانے کی اطلاع ملی ، اس نے تجربہ کیا تو یہ واقعی کام کررہاتھی ، اس سے پہلے اگر آپ کال کرنے کی کوشش کرتے تو ایک ریکارڈ پیغام سننے کو ملتاکہ ریاست میں یہ سہولت دستیاب نہیں۔

(جاری ہے)

جدہ میں موجود پاکستانی شہری مرزا عبدالمقیط نے حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ اس دور میں ایسی فری ایپس کی موجودگی میں ٹیلی فون بلز پر بھاری رقم کا خرچ تکلیف دہ ہے ، اپنے عزیزوں کو کراچی میں کال کرنے کیلئے سینکڑوں ریال اداکرنے پڑتے ہیں، سعودی عرب میں سب سے زیادہ کال ریٹس کا دعویٰ کرتے ہوئے اس نے اس اقدام پر سعودی حکام کا شکریہ اداکیا۔

دوسری طرف ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی نے یہ تصدیق نہیں کی کہ کال کی سہولت عارضی ہے یا مستقل طورپر بحال کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :