Live Updates

پی آئی اے ملازمین کے قتل میں نواز شریف اور ماڈل ٹاؤن واقعہ میں شہباز شریف ملوث ہیں، لطیف کھوسہ

صولت مرز نے جس کے خلاف بیان دیا تھا وہ آج بھی گورنر ہے‘ عزیر بلوچ کے ساتھ تصویر بنوانے سے کوئی شریک جرم نہیں بن جاتا،خصوصی گفتگو

اتوار 7 فروری 2016 17:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے ملازمین کے قتل میں نواز شریف اور ماڈل ٹاؤن واقعہ میں شہباز شریف ملوث ہیں، نواز لیگ لاشوں پر سیاست کر رہی ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی ایسی سیاست نہیں کرتی‘ نواز شریف کے بیانات اور باڈی لینگویج ایسی تھی جس طرح مشرف اپنا مکا دکھا کر کہتا تھا کہ دیکھی ہے میری طاقت۔

صولت مرز نے جس کے خلاف بیان دیا تھا وہ آج بھی گورنر ہے‘ عزیر بلوچ کے ساتھ تصویر بنوانے سے کوئی شریک جرم نہیں بن جاتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی آئی اے ملازمین کا قتل کے فوراً بعد حکمرانوں نے کہنا شروع کر دیا تھا کہ یہ قتل سیاسی طور پر کروائے گئے ہیں تاکہ اس کا ملبہ نواز لیگ پر ڈالا جائے لیکن اس واقعہ سے پہلے جو وزیر اعظم اور ان وزراء نے بیان دیئے تھے کہ اگر کسی نے ہڑتال کی تو اس کے پر کاٹ دیئے جائیں گے اور ایک ہی دن بعد یہ واقعہ ہو جانا ثابت کرتا ہے کہ اس واقعہ میں کون ملوث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح سے مشرف مکا دکھا کر کہتا تھا کہ میں کسی سے نہیں ڈرتا ہون اور اکبر بگٹی قتل سے پہلے کہتا تھا کہ کہاں سے گولیاں چلیں گی آپ کو پتہ بھی نہیں چلے گا اسی طرح سے وزیراعظم نے پی آئی اے ملازمین کو ڈرانے دھمکانے کیلئے بیانات دیئے تھے اس لئے اس حوالے سے کوئی شہادت ملے نہ ملے یہ بڑا کلیئر ہے کہ اس میں نواز شریف ملوث ہیں اور ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤں واقعہ میں اگر کوئی کہے کہ شہباز شریف ملوث نہیں تھا تو اس بات کو کوئی ماننے کو تیار نہیں چونکہ وفاق اور پنجاب میں حکومت نواز لیگ کی ہے اسی وجہ سے ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا لطیف کھوسہ نے کہا کہ عزیر بلوچ کے ساتھ تصویر ہونے سے کوئی شریک جرم نہیں ہو جاتا کیونکہ تصویر کوئی بھی بنوا سکتا ہے۔

میرے ساتھ بہت سے لوگ تصویر بنواتے ہیں لیکن میں ان کو جانتا نہیں ہوں۔ اگر کسی نے جرم کیا ہے تو اس کو ضرور سزا ملنی چاہئے۔اگر اپنے عزائم حاصل کرنے کیلئے کسی کے خلاف بیان دلوایا جائے یہ بہت غلط ہے۔ صولت مرزا نے جس کے خلاف بیان دیا تھا وہ آج بھی گورنر ہیں کدھر گئے ان کے بیان اور وہ ویڈیو جو چلائی گئی تھی۔(رضوان شاہ)

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات