کرپشن کے خاتمے اور آنے والی نسلوں کی سوچ میں تبدیلی کیلئے خواتین کا کردار کلیدی ہے، نیب اور ایچ ای سی نے کرپشن کی روک تھام اور آگاہی مہم کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے ہیں، مہم کا مقصد معاشرے میں کرپشن کی سوچ اور رویے میں تبدیلی لانا ہے،خواتین کی مخلصانہ کوششوں سے کرپشن کے خلاف بنیادی اخلاقی اقدارکی نشوونما کی جاسکتی ہے،چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کا نیب اور ایچ ای سی کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پردستخطوں کی تقریب سے خطاب

اتوار 7 فروری 2016 23:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 7فروری۔2016ء) قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے اور آنے والی نسلوں کی سوچ میں تبدیلی لانے کیلئے خواتین کا کردار کلیدی ہے ۔وہ اتوار کو یہاں نیب اور ایچ ای سی کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پردستخطوں کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ نیب اور ہایئرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ملک بھرمیں کرپشن کی روک تھام اور آگاہی مہم کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے اس مہم کا مقصد معاشرے میں کرپشن کی سوچ اور رویے میں تبدیلی لانے کیلئے کوششیں کرنا ہے ۔

۔ چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ بچوں کے رویے اور ان کی ترقی میں خواتین کا کردار کلیدی ہوتا ہے ، اس آگاہی مہم کا مقصد یونیورسٹیوں اورکالجوں میں موجود نوجوان خواتین جو کہ مستقبل میں ہمارے بچوں کی مائیں ہیں ان کو کرپشن کے خاتمے اوراس کی روک تھام کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان خواتین کی مخلصانہ کوششوں سے کرپشن کے خلاف بنیادی اخلاقی اقدارکی نشوونما کی جاسکتی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیمات آنے والی نسلوں کے تصورات اور سوچ میں تبدیلی لانے کیلئے طویل عرصے تک نمایاں کردار ادا کرسکتی ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے وزارت کیڈ حکومت پاکستان اور ہایئرایجوکیشن کمیشن کو تجویز دی ہے کہ معروف خواتین دانشوروں پرمشتمل ایک پینل تشکیل دیا جائے جو معاشرے سے کرپشن کی لعنت کے خاتمے کیلئے نیب کے ذریعہ ملک بھرمیں ان خیالات اور تصورات پرعملدرآمد کرسکے۔ واضح رہے کہ اس وقت یونیورسٹیوں اور ملک بھرکے کالجزمیں 10ہزار سے زائد کردار سازی کی سوسائیٹیاں کام کررہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :