اداکارہ سورن لتاکی آٹھویں برسی منائی گئی

پیر 8 فروری 2016 12:23

اداکارہ سورن لتاکی آٹھویں برسی منائی گئی

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء)پاکستان فلم انڈسٹری کی ممتاز اداکارہ سورن لتاکی آٹھویں برسی گزشتہ روز منائی گئی ۔ سورن لتا مارچ 1924ء میں را و لپنڈی کے ایک سکھ گھرانے میں پیدا ہوئیں۔تعلیم مکمل کرنے کے بعد لکھنوٴ کی موسیقی اور آرٹ اکیڈمی میں موسیقی کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی۔ 1940ء میں ممبئی سکونت اختیار کر کے اسٹیج فنکار ہ کے طور پر فنی کیرئر کا آغاز کیا۔

ان کی پہلی فلم آواز تھی جو 1942ء میں ریلیز ہوئی۔ انہوں نے اداکا،ر فلمسازوہدایتکارنذیر کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کیا ۔سورن لتا اور نذیر کی جوڑی بہت مشہور ہوئی جو بعد میں ان دونوں کی شادی پر منتج ہوئی۔ نذیر سے شادی سے قبل انہوں نے اسلام قبول کرلیا تھا اور اپنا اسلامی نام سعیدہ بانو رکھا ۔

(جاری ہے)

قیام پاکستان سے قبل کئی ہندی فلموں میں کام کیا۔

تقسیم ہند کے بعد اپنا کیرئر چھوڑ کر پاکستان آ گئیں اور پاکستانی فلم انڈسٹری میں کام کرنے لگیں۔ انہیں فلم انڈسٹری کے بانیوں میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی پہلی سلور جوبلی فلم ”پھیرے “ میں اپنی اداکاری کے لاجواب جوہر دکھائے ۔انہیں فلم انڈسٹری کی ٹریجڈی کوئین یعنی ملکہ غمگین کا خطاب دیا گیا ۔سورن لتا 8فروری 2008ء کو 83برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد انتقال پا گئی تھیں۔