اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی آبادی ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا

مالی سال 2015-16ء میں مطالبہ سے کم بجٹ دیا گیا ، وائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی

پیر 8 فروری 2016 14:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء) جیسے جیسے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی آبادی بڑھ رہی ہے ویسے ویسے یہاں ہسپتالوں اور دیگر صحت عام کے مراکز پر مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں خصوصاً پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے او رہسپتالوں میں علاج معالجے کے لئے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ گزشتہ تیس سالوں میں صرف کوئی بڑا ہسپتال قائم نہیں کیا گیا تاہم پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ) کی انتظامیہ خراب معاملات کو فنڈز کی عدم دستیابی کو قرار دیتی ہے پمز کے ایک عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پمز نے مریضوں کی تعداد میں 350فیصد اضافہ دیکھا ہے جبکہ اس کا بجٹ صرف آٹھ فیصد بڑھا ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ مالی سال 2015-16ء کے دوران پمز نے 4.27ارب بجٹ کا کہا تھا تاہم وزارت خزانہ نے 3.41 ارب روپے مختص کئے جو مطالبہ سے پچیس فیصد کم تھے انہوں نے کہا کہ بجٹ کا زیادہ تر حصہ موجودہ سہولیات کی بہتری کی بجائے سٹاف کی تنخواہوں کیلئے ہے