ورلڈ ٹی 20، پاکستان کے میچز سری لنکا یا امارات میں کرانے کی تجویز

پیر 8 فروری 2016 16:25

ورلڈ ٹی 20، پاکستان کے میچز سری لنکا یا امارات میں کرانے کی تجویز

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے انکشاف کیا ہے کہ آئندہ ماہ بھارت میں ہونیوالے ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لئے ابھی تک پاکستانی حکومت نے شرکت کی اجازت نہیں دی ہے جس کے بعد انہوں نے آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں یہ نکتہ اٹھایا کہ اگر مشکل حالات کی وجہ سے پاکستانی حکومت ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت نہیں دیتی تو ٹورنامنٹ بچانے کیلئے پاکستان کے میچ کسی پڑوسی ملک مثلاً سری لنکا یا یو اے ای میں کرائے جاسکتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں شہریار خان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اجلاس میں ان خدشات پر غور ہوا کہ پاکستانی ٹیم حکومت سے اجازت نہ ملنے کی صورت میں ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوسکتی ہے کیوں کہ بھارت میں اس وقت پاکستان مخالف جذبات ہیں۔

(جاری ہے)

ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت نہ کرنے کے اثرات مرتب ہونے کے سوال پر شہریار خان نے کہا کہ ممکن ہے آئی سی سی پاکستان سے یہ کہہ دے کہ آپ اپنے میچز سے دستبرداری اختیار کریں اور ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں لیکن آئی سی سی اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ پاکستاب کے میچ حالات خراب ہونے کی صورت میں کسی اور ملک منتقل کردیئے جائیں۔ یاد رہے کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی 11مارچ سے 3 اپریل تک ہوگا جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 19 مارچ کو دھرم شالہ میں مد مقابل ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :