پی ایس ایل میدان میں آتے ہی کامیاب رہی، اگلے سال ایک مزید ٹیم کھلائیں گے : شہریار خان

پیر 8 فروری 2016 16:54

پی ایس ایل میدان میں آتے ہی کامیاب رہی، اگلے سال ایک مزید ٹیم کھلائیں ..

لاہور(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار8فروری- 2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سے ہمارے نوجوان ابھرتے ہوئے کرکٹر ز کو بے حد فائدہ ہو رہا ہے جو مستقبل میں ٹیم کے کام آئے گا ۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد پوری قوم کی کامیابی ہے ، پہلے پہل ہونے والے ایونٹ کے انتظامات بھی بہت اچھے ہیں، ہمارے کرکٹرز غیر ملکی کھلاڑیوں کے ہمراہ کھیل رہے ہیں جبکہ ویوین رچرڈر جیسے کھلاڑی ان کی رہنمائی کررہے ہیں جس کا پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا ۔

شہریار خان کے مطابق اس وقت پانچ ٹیمیں ہیں تاہم آئندہ سال چھ ٹیمیں کھیلیں گی اور کوشش ہے کہ آئندہ سال پی ایس ایل کی پوری سپانسر شپ بھی آ جائے ، سپرلیگ کھیلنے والے نواز اور اصغر بہترین سپن باﺅلرز ہیں جو اچھی کارکردگی کی بناءپر مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے بگ تھری کے خاتمے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بگ تھری کے خلاف لڑائی کی تیاری کر رہا تھا تاہم ایسی ضرورت نہیں پڑی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر نے خود ہی بگ تھری کے خلاف قدم اٹھاتے ہوئے اس کے خاتمے کی بات کر دی ہے ، اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپریل میں تمام 10 ڈائریکٹرز آئی سی سی کی نئی قانون سازی سے متعلق اپنی اپنی تجاویز دیں گے اور پاکستان نے بھی اس سلسلے میں اپنی تیاری شروع کر دی ہے ۔

شہریار خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئی سی سی میں سب کو برابری کی بنیاد پر رکھا جائے اور برابر کا حصہ ملے ۔