عراق، دہشت گردی کے الزام میں سعودی شہری کو پھانسی دیدی گئی

دیگر سات سعودی شہریوں کی پھانسی کی بھی توثیق،عراقی حکام نے سزا پر عمل درآمد سے قبل آگاہ نہیں کیا ، سعودی سفیر

پیر 8 فروری 2016 18:37

عراق، دہشت گردی کے الزام میں سعودی شہری کو پھانسی دیدی گئی

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) عراقی حکام نے دہشت گردی کے الزام کے تحت سزائے موت پانے والے سعودی شہری عبداﷲ عزام القحطانی کو پھانسی دے دی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 2009 میں بغداد میں گرفتار کیے جانے والے القحطانی کی سزا کے حکم پر گزشتہ روزعمل کیا گیا،مذکورہ شخص کے علاوہ 7 اور سعودی شہری بھی ہیں جن کی سزائے موت کے احکامات کی توثیق کردی گئی ہے اور ان کو آئندہ کچھ عرصے میں پھانسی دے دی جائے گی۔

عربی روزنامے الشرق الاوسط کے مطابق عراق میں سعودی سفارت خانے کو ہفتے کے روز سرکاری طور پر اس پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔سعودی شہری کی پھانسی پر تبصرہ کرتے ہوئے بغداد میں سعودی سفیر ثامر السبہان نے عرب ٹی وی کو بتایا کہ سعودی عرب کو دوسرے ملکوں کے عدالتی احکامات پر کوئی اعتراض نہیں اور نہ وہ ان میں مداخلت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

السبہان کا مزید کہنا تھا کہ " انہوں نے عراقی حکومت سے وزارت انصاف کے ذمہ داران کے ساتھ ملاقات کی درخواست کی تھی تاکہ سعودی قیدیوں کے معاملے کو زیربحث لایا جائے اور ان کے حالات اور ان کی عدالتی کارروائیوں کی صورت حال سے آگاہ ہوا جائے اس کے علاوہ ہمارے سفارت خانے کی جانب سے ذمہ دار بنائے گئے وکلا اور نمائندوں کی موجودگی میں ان کیسوں کی دوبارہ عدالتی کارروائی پر بحث کی جائے اور ملزمان کو ان کے قانونی حقوق اور ان کے گھر والوں سے ملاقات کی اجازت کو یقینی بنایا جاسکے"۔

سعودی سفیر نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ "عراقی حکام نے سزا پر عمل درامد کے اگلے روز جا کر ہمیں اس سے آگاہ کیا۔ ایسے بہت سے سعودی قیدی ہیں جن کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ ان پر تحقیقات کے دوران دباؤ ڈالا گیا۔ اس لیے ہمیں اندیشہ ہے کہ انصاف کو یقینی نہیں بنایا جارہا ہے۔ تاہم ہم دہشت گردی، دہشت گردوں اور گمراہ سوچ کے حاملین کے خلاف ہیں اور ہم کسی طور اس پر راضی نہیں ہوسکتے کہ کوئی بھی انسان خواہ وہ کوئی بھی شہریت رکھتا ہو، پرامن اور محفوظ لوگوں کو دہشت زدہ کرے۔

متعلقہ عنوان :