پاکستان سپر لیگ پہلی بار میدان میں آئی اور کامیاب رہی ، شہریار خان

پاکستان بگ تھری کے خلاف لڑائی کی تیاری کر رہا تھا تاہم ایسی ضرورت نہیں پڑی ،ششانک منوہر نے خود اس کے خلاف قدم اٹھاتے ہوئے اس کے خاتمے کی بات کر دی، میڈیا سے گفتگو

پیر 8 فروری 2016 20:27

پاکستان سپر لیگ پہلی بار میدان میں آئی اور کامیاب رہی ، شہریار خان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پہلی بار میدان میں آئی اور کامیاب رہی، لیگ کی عوام نے خوب حوصلہ افزائی کی ہے جبکہ اس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی بہت فائدہ ہو رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد کیلئے بہت محنت کی، انتظامات بہت اچھے ہیں اور عوام نے بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے۔

اس وقت پانچ ٹیمیں ہیں، آئندہ سال چھ ٹیمیں کھیلیں گی اور کوشش ہے کہ آئندہ سال پی ایس ایل کی پوری سپانسر شپ بھی آ جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال پی ایس ایل اپنے اخراجات پورے کرے گا اور اگلے سال سے اس سے بورڈ کو مالی فائدہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی مشہور کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور انہیں بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے، سپرلیگ کھیلنے والے نواز اور اصغر بہترین باؤلرزہیں جو اچھی کارکردگی کی بناء پر مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے بگ تھری کے خاتمے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بگ تھری کے خلاف لڑائی کی تیاری کر رہا تھا تاہم ایسی ضرورت نہیں پڑی اور ششانک منوہر نے خود بگ تھری کے خلاف قدم اٹھاتے ہوئے اس کے خاتمے کی بات کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپریل میں تمام 10 ڈائریکٹرز آئی سی سی کی نئی قانون سازی سے متعلق اپنی اپنی تجاویز دیں گے اور پاکستان نے اس سلسلے میں اپنی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئی سی سی میں سب کو برابری کی بنیاد پر رکھا جائے اور سب کو برابر کا حصہ ملے۔ ۔