پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کا سٹی 42 لاہور کے دفتر پرفائرنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پیر 8 فروری 2016 21:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 فروری۔2016ء ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر سٹی 42 لاہور کے دفتر پر دہشت گردانہ کارروائی کے خلاف نیشنل پریس کلب اور آر آئی یو جے نے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میڈیا ہاؤسز اور پریس کلبوں کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں آئے روز صحافیوں اور میڈیا ورکرز پر حملے قابل شرم ہیں اور یہ سلسلہ کم ہونے کی بجائے بڑھتا جا رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں، فنانس سیکرٹری اسحاق چوہدری، ممبر آر آئی یو جے عابد عباسی، ممبر ایف سی قربان ستی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جس میں حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ میڈیا ہاؤسز اور پریس کلبوں کی سیکورٹی کو یقینی بنائے اور جلد از جلد اس پر عملدرآمد کروایا جائے۔ صحافی حق سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ نہ پہلے جھکے تھے اور نہ اب جھکیں گے۔ احتجاجی مظاہرے میں قائدین کے علاوہ کثیرتعداد میں صحافیوں نے شرکت کی اور نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ’’صحافی زندہ ہے، دہشت گردی مردہ باد کے نعرے درج تھے۔

متعلقہ عنوان :