آئی سی سی کو بتادیا کہ بھارت میںآ ئندہ ماہ ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شرکت کے بارے میں فیصلہ حکومت کرے گی ، پاکستان کے ٹی ٹونٹی میچز بھارت کی بجائے غیر جانبدار مقامات یو اے ای ،بنگلہ دیش یا سری لنکا میں ہوجائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہے،چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کی میڈیا سے گفتگو

پیر 8 فروری 2016 22:57

آئی سی سی کو بتادیا کہ بھارت میںآ ئندہ ماہ ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ..

لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو بتادیا ہے کہ بھارت میں اگلے ماہ ہونے والے ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شرکت کے بارے میں فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں پی سی بی نے آئی سی سی حکام کو آگاہ کیا تھا کہ بھارت میں پاکستانی کرکٹرز کی سیکورٹی کو خدشات لاحق ہیں اور ہماری حکومت ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ کرے گی ۔

ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے اجلاس میں کسی اور ملک کے نمائندے نے سیکورٹی خدشات کے باعث پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر کروانے کی تجویز دی تھی ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے ٹی ٹونٹی میچز بھارت کی بجائے نیوٹرل وینیو یو اے ای ،بنگلہ دیش یا سری لنکا میں ہوجائیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے بارے حکومت کی اجازت حاصل کرنے کے لئے درخواست کردی گئی تھی اور ہم حکومت کو جلد اجازت کے لئے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دے سکتے تاہم انہیں یاددہانی کے لئے ضرور درخواست کریں گے ۔

چیئرمین پی سی بی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ آئی سی سی میں بگ تھری کے خاتمہ کے لئے کام شروع ہوچکاہے ۔آئی سی سی کے چیئرمین ششناک منوہر نے خود ہی آئی سی سی کے اجلاس میں کہا تھا کہ آئی سی سی میں صرف تین ممالک کو خاص رتبہ نہیں ملنا چاہئے بلکہ تمام ممالک کو یکساں اہمیت ملنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے تمام ممالک کے بورڈزکے ڈائریکٹرز سے اپریل تک بگ تھری کے بارے میں تجاویز مانگ لی ہیں اوراس حوالے سے جون میں فیصلہ ہوگا ۔

پی سی بی چاہتا ہے کہ آئی سی سی میں جمہوری عمل زیادہ سے زیادہ ہو۔آئی سی سی کا چیئرمین جون میں تبدیل ہوگا اور وہ کسی ملک کے کرکٹ بورڈ کا عہدیدار نہیں ہوگا ۔چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ ایشین کرکٹ کونسل کو ختم کرنے کے بارے میں جو فیصلہ ہوا تھا اس پر ایشین کرکٹ کونسل کے ممالک کے کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو نظر ثانی کرنے کا کہا ہے اور امید ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کی حیثیت برقرار رہے گی ۔

شہر یار خان نے کہاکہ بہت زیادہ ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ ہونے کی وجہ سے مختلف ممالک کی باہمی سیریز متاثر ہورہی ہے اور اس بارے میں بھی پی سی بی نے آئی سی سی کو غور کرنے کا کہا ہے ۔چیئرمین پی سی بی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی سے پی سی بی بالکل مطمئن ہے اور اس کے انعقاد سے نہ صرف ہمارے کرکٹرز کو تجربہ مل رہا ہے بلکہ آئندہ سالوں میں پی سی بی کو مالی فائدہ بھی ہوگا ۔

اس سال پانچ ریجنز کی ٹیمیں پی ایس ایل میں شرکت کررہی ہیں اور اگلے سال چھ ٹیمیں ہوجائیں گی اور ہماری کوشش ہوگی کہ ملک کے تمام ریجنز کو اس میں شامل کیا جائے تاکہ ان کو اسپانسر مل سکیں اور کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ فروغ ملے ۔ شہر یار نے بتایا کہ تجربہ حاصل ہونے سے اگلے سال پی ایس ایل میں مزید بہتری لائیں گے ۔