اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ کے محکمہ مال میں پٹواری مافیا کی اجارہ دری تاحال ختم نہ ہوسکی

وزیر داخلہ کے حکم پر ہٹائے گئے سابق تحصیلدار امتیاز جنجوعہ کے پٹواریوں کے تقرر وتبادلوں میں اثر انداز ہونے کا انکشاف

منگل 9 فروری 2016 20:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 فروری۔2016ء ) ضلعی انتظامیہ کے محکمہ مال میں پٹواری مافیا کی اجارہ دری تاحال ختم نہ ہوسکی ہے ،وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کے حکم پر ہٹائے جانے والے سابق تحصیلدار امتیاز جنجوعہ کے پٹواریوں کے تقرر وتبادلوں میں اثر انداز ہونے کا انکشاف ہواہے ، خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو رابعہ اورنگزیب کے مطابق اشفاق خان کنڈی کو کری سرکل میں ایف آئی اے کے ایک اعلی افیسر کی سفارش پر لگایا گیا ہے۔

آن لائن ذرائع کے مطابق لال اختر عابد نامی ایک شخص نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیاہے کہ اسلام آباد کے موضع ریاڑ میں دوسرے فریق سے تئیس کنال سات مرلے کا تنازعہ تھا جس پر سول جج کی عدالت نے حکم امتناعی جاری کیا تو اس وقت کری سرکل کے پٹواری اشفاق خان کنڈی نے انتقال رجسٹرمیں حکم امتناعی اندراج نہیں کیا اس دوران کری سرکل میں حاجی مختار پٹواری کا تبادلہ ہوا تو انھیں حکم امتناعی کی مصدقہ نقول فراہم کیں تو اس نے رجسٹر میں” کچی پینسل “سے اندراج کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمدکے حکم پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالستار ایسانی نے انکوائری کی اور ثابت ہونے پر پٹواری کے خلاف محکمہ کاروائی کی سفارش کی جس پرڈی سی کیپٹن مشتاق احمد نے خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رابعہ اورنگزیب کو ضابطہ کے مطابق کاروائی کا حکم دیا مگر خاتون آفیسررابعہ اورنگزیب نے کوئی ایکشن لینے کی بجائے حاجی مختار پٹواری کو کری سرکل سے تبدیل کرکے اشفاق خان کنڈی کوہی کری سرکل میں تعینات کردیا جبکہ انتقال کے حوالے سے خاموشی اختیار کرلی ہے ۔

اس دوران اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی حکم امتناعی جاری ہوچکا ہے۔ مزید برآں ڈپٹی کمشنر کے احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک ماہ تک کوئی ایکشن نہ لیا گیا تھا۔ واضع رہے کہ سابق تحصیلدار امتیاز جنجوعہ جو کہ کئی برس تک تحصیلدار رہے ہیں اور وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی ہدایت پر ہٹائے جانے کے باوجود انکا پٹواریوں کی تقرر تبادلے میں اثر رسوخ قائم ہے۔ اس ضمن میں آن لائن کے رابطہ کرنے پرخاتون آفیسر کا اپنے موقف میں کہناتھا کہ جو کاروائی بنتی تھی وہ کردی گئی ہے مزید کچھ نہیں ہوسکتا ۔ اور اشفاق خان کنڈی کو کری سرکل میں ایف آئی اے کے ایک اعلی افیسر کی سفارش پر لگایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :