موجودہ حکومت مزدوروں اور کسانوں کے مسائل بارے میں سنجیدہ نہیں،افضل شاہ خاموش

قومی اداروں کو بیرونی ممالک کی کمپنیوں کو اونے پونے داموں بیچاجارہے ہیں،کمپنیوں میں خود حصہ دار بھی ہیں،صدرمزدورکسان پارٹی

منگل 9 فروری 2016 21:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 فروری۔2016ء) مزدور کسان پارٹی کے صدر افضل شاہ خاموش نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت مزدوروں اور کسانوں کے مسائل بارے میں سنجیدہ نہیں ہے بلکہ ملکی وسائل سے استفادہ کرنے کی بجائے قومی اداروں کو بیرونی ممالک کی کمپنیوں کو اونے پونے داموں بیچ رہے ہیں اور ان کمپنیوں میں خود حصہ دار بھی ہیں۔

ان کے ہمراہ سینئر نائب صدر نیاز علی نیازی، صدر راولپنڈی شاہد شریف اور جنرل سیکرٹری سید ابرار حسین شاہ بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور اور کسان پس کر رہ گئے ہیں۔ چوہدری اعتزاز احسن نے صحیح کہا ہے کہ حکومت قومی اداروں کو بیچ رہی ہے اور حکمران خود خرید رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں، میری پارٹی اور ملک کی تمام ترقی پسند پارٹیاں پی آئی اے ملازمین کے ساتھ ہیں اگر پی آئی اے ملازمین نے سڑکوں پر آ کر احتجاج کیا تو ہماری پارٹی مزدور کسان پارٹی تمام ٹریڈ یونین کو ساتھ ملا کر پی آئی اے ورکروں کے احتجاج میں مرکز اور صوبوں کی سطح پر شامل ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ن لیگ جب بھی برسراقتدار آتی ہے مزدور کسانوں اور پسے ہوئے طبقات کا جینا حرام کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مسلم لیگ ن کی حکمرانی اور حاکم باہر نہیں جائیں گے بلکہ ان کو سزا پاکستان میں ہی ملے گی۔

متعلقہ عنوان :