الیکشن کمیشن نے لیگی رکن اسمبلی دیوان عاشق بخاری کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، این اے 153 میں 17 مارچ کو دوبارہ ضمنی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری

منگل 9 فروری 2016 22:48

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء ) الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ(ن) کے رکن اسمبلی دیوان عاشق حسین بخاری کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ان کے حلقے این اے 153 میں 17 مارچ کو دوبارہ ضمنی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے ۔ منگل کو کمیشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے دیوان عاشق حسین کو نااہل قرار دینے کے فیصلے کی روشنی میں ان کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

حلقے میں ضمنی انتخابات کے لئے جاری شیڈول کے مطابق 11 فروری کو ریٹرنگ آفیسر کی جانب سے پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا ۔ 17 اور 18 فروری کو امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے ۔ کاغذات نامزدگی کی چھان بین 20 کو جب کہ کاغذات مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیلیں22 فروری تک جمع کرائی جا سکیں گی ۔ ٹربیونل ان اپیلوں کا فیصلہ 24 فروری کو سنائے گا ۔25 تاریخ کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ ہو گی ۔ امیدواروں کی حتمی لسٹ25 کو آویزاں کر دی جائے گی جب کہ حلقے میں پولنگ17 مارچ کو ہو گی