پہلا ٹی ٹونٹی ، سری لنکا نے بھارت کو اسکے گھر میں گھس کر مات دیدی

منگل 9 فروری 2016 23:03

پہلا ٹی ٹونٹی ، سری لنکا نے بھارت کو اسکے گھر میں گھس کر مات دیدی

پونے (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار9فروری- 2016ء) پہلے ٹی ٹونٹی میں سری لنکا نے بھارت کو اس کے گھر میں گھس کر 5 وکٹوں سے شکست دیدی ۔ پونے میں گرین ٹاپ وکٹ پر سری لنکا کے کپتان چندیمل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور بھارتی سورما اپنے ہی جال میں پھنس گئے جن کا خیال تھا کہ سری لنکا کی کمزور ٹیم کو گرین ٹاپ وکٹ پر قابو کر لینگے ، بھارتی سورما اپنے حصے کے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم صرف 101رنز بنا کر آوٹ ہوگئی ۔

(جاری ہے)

بھارتی بلے بازوں کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اننگ کے ٹاپ سکورر باولر روی ایشون رہے جنہوں نے 31 ناٹ آوٹ رنز بنائے ۔ پہلا میچ کھیلنے والے رنجیتھا نے تباہ کن باولنگ کرکے بھارتی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچایا اور باقی کسر چامیرا اور شناکا نے پوری کر دی ۔ رنجیتھا ، شناکا نے 3،3 اور چمیرا نے دو کھلاڑی آوٹ کئے ۔ سری لنکن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 18اوورز میں پانچ وکٹوں پر حاصل کر لیا ۔ کپتان چندیمل 35اور کاپو گیدرا 25 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ۔ 3 میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 12 فروری کو رانچی میں کھیلا جائے گا ۔