سپر لیگ سے نیا ٹیلنٹ کے ساتھ بورڈکو مالی فائدہ بھی ہوگا ، صادق محمد

بدھ 10 فروری 2016 11:49

سپر لیگ سے نیا ٹیلنٹ کے ساتھ بورڈکو مالی فائدہ بھی ہوگا ، صادق محمد

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ یو اے ای میں جاری پاکستان سپر لیگ سے نہ صرف قومی کرکٹ ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملے گا بلکہ کھلاڑیوں اور مستقبل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی مالی فائدہ ہوگا،پی ایس ایل کے دوران قومی جونیئر کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور ان کے ساتھ ڈریسنگ روم میں بیٹھنے کا موقع مل رہا ہے جس کی وجہ سے ان کو تجربہ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے اندر اعتماد پیدا ہورہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان نہ صرف کھیل کے شعبہ میں بلکہ ہر سطح پر بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے کوشش کرتا ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین باہمی کرکٹ سیریز کے انعقاد کیلئے ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں اور بھارت کو اس کی پاسداری کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

پاکستا ن اور بھارت سمیت دنیا بھر کے شائقین کرکٹ دونوں ملکوں کے مابین سیریز کا انعقاد چاہتے ہیں، آئی سی سی کو بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ آئی سی سی کا ایونٹ ہے اور پاکستانی ٹیم کو اس میں ضرور شرکت کرنی چاہئے۔ اگر پاکستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کیا تو پاکستان انٹرنیشنل سطح پر تنہا ہو جائے گا، سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان کو ورلڈ کپ کے ٹی ٹونٹی میچز بھارت کی بجائے نیوٹرل وینیو یو اے ای، بنگلہ دیش یا سری لنکا میں کھیلنے کی کوشش کرنی چاہئے تاہم حکومت کا فیصلہ حتمی ہوگا۔

متعلقہ عنوان :