وارنر میوزک کمپنی ہیپی برتھ ڈے گانے کی وصول کی گئی فیس واپس کرے گی

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 10 فروری 2016 13:13

وارنر میوزک کمپنی ہیپی برتھ ڈے گانے کی وصول کی گئی فیس واپس کرے گی

لاس اینجلس، ہیپی برتھ ڈے گانے کے حقوق ملکیت رکھنے کی دعوے دار کمپنی نے آج تک گانے کی کاپی رائٹ فیس کی مد میں 14 ملین ڈالر وصول کیے ہیں۔ وانر میوزک کمپنی کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد کمپنی 14 ملین ڈالر ادا کرنے والوں کو واپس کرے گی۔
پچھلے سال ستمبر 2015 میں عدالت نے ہیپی برتھ ڈے گانے کے وارنر /چیپل میوزک کمپنی کے حقوق ملکیت کو غیرقانونی قرار دے دیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا تھا کہ دنیا کے سب سے مشہور گانے کو عوامی ملکیت میں ہونا چاہیے۔
عدالت میں داخل کرائےگئے کاغذات کے مطابق وارنر / چیپل میوزک ماضی میں گانے کی لائسنس فیس کی مد میں وصول کیے گئے 14 ملین ڈالر واپس کرنے پر رضامند ہوگئی ہے۔
ایک فلم پروڈیوسر، ایک موسیقار اور دو میوزک پروڈیوسر زنے 2014 میں وارنر / چیپل میوزک پر مقدمہ کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لائسنس فیس کی مد میں کمپنی کوچند سو ڈالر سے لے کر چند ہزار ڈالر تک کی فیس ادا کی تھی۔
ہیپی برتھ دے گانے کو 1893 میں دو بہنوں، ملڈرڈ اورپیٹی ہل نے لکھا تھا۔ وانر/چیپل میوزک کا دعویٰ ہے کہ اس نے گانے کے حقوق ملکیت گانا شائع کرنے والی کمپنی سے لیے ہیں، جنہوں نے یہ حقوق دونوں بہنوں سے حاصل کیے تھے۔مدعی کا عدالت میں موقف تھا کہ گانے کے کاپی رائٹ پیانو کی مخصوص ترتیب کے لیے تھے، نہ کہ مکمل گانے کے لیے۔
امید ہے کہ مارچ میں عدالتی کاروائی ختم ہونے کے بعد یہ گانا باضابطہ طور پر عوامی ملکیت بن جائے گا۔