سی ڈی اے کی نا اہلی ، پاک سیکرٹریٹ میں درجنوں گٹر ڈھکن نہ ہونے کے باعث غلاظت اگلنے لگے

بدھ 10 فروری 2016 19:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء) وفاقی ترقیاتی اداہ (سی ڈی اے) کی نا اہلی کے باعث پاک سیکرٹریٹ کے ایف بلاک کے سامنے درجنوں گٹر ڈھکن نہ ہونے کے باعث غلاظت اگلنے لگے ہیں تاہم سی ڈی اے انتظامیہ کی توجہ شہر بھر میں جاری ترقیاتی کاموں میں ہے۔سی ڈی اے کی نااہلی کے باعث پاک سیکرٹریٹ کے درجنوں گٹرز گندگی سے اٹ جانے کے بعد ابلنے لگے ہیں،غلاظت زدہ پانی سیکرٹریٹ کی راہداریوں میں رواں دواں ہوگیا،متعدد گٹرز کے ڈھکن چرا لئے گئے،حساس ترین علاقے سے ڈھکن غائب ہونا بھی سیکورٹی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق پاک سیکرٹریٹ میں موجود درجنوں وزارتوں کی عمارات سی ڈی اے کی سستی و نااہلی کے باعث بدبو اور غلاظت سے اٹی ہوئی سڑکوں کے درمیان پھنس کر رہ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹریٹ علاقہ جو کہ ایک اندازہ کے مطابق65کنال پر محیط ہے،اس میں بچھی گٹر لائن کو صاف کئے ہوئے کئی سال گزر گئے تو اب وہ گندگی سے بھرنے کے باعث غلاظت شدہ پانی سے ابل پڑے ہیں۔

گٹروں سے کند اور بدبو دار پانی ابلنے سے سی بی ڈی اے اور ایف بلاک کی عمارت گندے پانی کے درمیان پھنس گئی ہیں۔آن لائن نے حقائق جاننے کیلئے متعدد وزارتوں میں جانے والے شہریوں،محمد افضل،سلطان اور عمرگل سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ گندے پانی کی وجہ سے انکے کپڑے پاک نہیں رہتے جس کے باعث وہ نماز تک کا فریضہ ادا کرنے سے قاصر ہیں۔دوسری جانب درجنوں مین ہول اور گٹرز کے لوہے کے بھاری ڈھکن چرا لئے گئے ہیں جو کسی وقت ایک بڑے حادثہ کا سبب بن سکتے ہیں۔

حساس ترین علاقے پاک سیکرٹریٹ کے مین گیٹ پر نہ صرف ایس پی کی زیر قیادت سیکورٹی عملہ تعینات ہے بلکہ پورے احاطہ میں بھی سخت ترین سیکورٹی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ڈھکن چوری ہونے کے معاملہ پر حساس ترین علاقہ کی سیکورٹی پر بھی سوالیہ نشان پیدا ہوگئے ہیں۔آن لائن کے رابطہ کرنے پر سی ڈی اے ترجمان نے بتایا کہ سی ڈی اے ملازمین شہر بھر میں جاری ترقیاتی کاموں میں مصروف ہیں تاہم اس حوالے سے کئی درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور جلد ہی صفائی کا مکمل انتظام کر لیا جائے گا۔۔۔۔

متعلقہ عنوان :