آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 12 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 11 فروری 2016 14:09

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 12 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔ ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 فروری 2016ء) : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بارہ دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے بارہ دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے ۔ دہشت گردوں میں محمد عربی ، رفیع اللہ ، قاری آصف ، شاہ ولی ، محمد ذیشان ، شوالے ، خاندان شوکت علی ، ناصر خان ، امداد اللہ ، محمد عمر ، صابر شاہ اور انور علی شامل ہیں۔

ان تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سمیت دیگرکالعدم تنظیموں سے تھا ۔ سزائے موت پانے والے دہشت گرد دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کو سزائے موت فوجی عدالتوں کی جانب سے سُنائی گئی ہیں۔ دہشت گردبنوں جیل سمیت مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کا محمد عربی اور شوالے شامل ہیں۔

رفیع اللہ کالعدم سپاہ صحابہ کا سر گرم رکن تھا جسے دو مقدمات میں سزائے موت سنائی گئی۔ قاری آصف بھی کالعدم سپاہ صحابہ سے تعلق رکھتا تھا جس پر چار الزامات کے تحت مقدمہ چلایا گیا۔شوالے کا تعلق کالعدم ٹی ٹی سے ہے جس پر تین مقدمات ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ محمد ذیشان القاعدہ کا سر گرم رکن ہے جسے مسلح افواج پر حملے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی ، آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ محمد ذیشان نے مجسٹریٹ کے روبرو اعتراف جُرم بھی کیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا ناصر القاعدہ کا سر گرم رکن ہے جس کو تین مقدمات میں سزائے موت سنائی گئی۔امداد اللہ اور شوکت علی کالعدم ٹی ٹی پی کے رکن ہیں ، شوکت علی کو پانچ مقدمات میں سزائے موت سنائی گئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق امداد اللہ بھی ٹی ٹی پی کا سر گرم رکن ہے۔جس کو پانچ مقدمات میں سزائے موت سنائی گئی ، امداد اللہ نے ضلع بونیر میں تعلیمی اداروں کو تباہ کیا۔

صابر شاہ کالعدم ٹی ٹی پی کا کارندہ ہے جسے تین مقدمات میں سزائے موت سنائی گئی۔ صابر شاہ پر فوجی جوانوں پر حملے اور ان کو ہلاک کرنے کا جرم ثابت ہوا۔ جبکہ مجرم خاندان بھی ٹی ٹی پی کا کارندہ ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ محمد عمر ٹی ٹی پی کا کارندہ ہے جس کو پانچ مقدمات میں سزائے موت سنائی گئی۔پاکستان میں تعلیمی ادارے تباہ کرنے سمیت فوجی جوانوں پر حملے میں بھی ملوث ہے۔