آبائی گھر کو بچانے کیلئے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے روٹ میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کی گئی‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

منصوبے کے تحت اب بھی ہمارے گھر کا کچھ حصہ اس میں آرہا ہے ،اگر مزید بھی ضرورت ہوئی تو کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے منصوبے کی تکمیل کے بعد شہرکے دیگرعلاقوں میں بھی مختلف رنگوں کی ٹرینیں چلائی جائیں گی ‘ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی گفتگو

جمعرات 11 فروری 2016 17:53

آبائی گھر کو بچانے کیلئے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے روٹ میں کسی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ میرے آبائی گھر کو بچانے کیلئے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے روٹ میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کی گئی ،منصوبے کے تحت اب بھی ہمارے گھر کا کچھ حصہ اس میں آرہا ہے ،اگر مزید بھی ضرورت ہوئی تو اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے،اس منصوبے کی تکمیل کے بعد شہرکے دیگرعلاقوں میں بھی مختلف رنگوں کی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ 1998ء میں جائیکا نے اس منصوبے کے حوالے سے کام کیا تھا او ر اس کے بعد 2006ء میں فرنچ کمپنی نے بھی اس کی حتمی دستاویزات تیار کیں جس کے تحت اس منصوبے کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

جی ٹی روڈ پر اورنج لائن ٹرین منصوبے کا روٹ 1998 میں میرے کہنے پرشامل کیا گیا تھا جس کا مقصد شمالی لاہورکے مکینوں کو بھی سفری سہولتیں فراہم کرنا تھا، اس منصوبے کی تکمیل کے بعد شہرکے دیگرعلاقوں میں بھی مختلف رنگوں کی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

انکا مزید کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ پراورنج لائن ٹرین منصوبے کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جی ٹی روڈ کی تعمیر کے حوالے سے پہلے بھی اپنے آبائی گھر کی 20 فٹ جگہ بغیر کسی معاوضے کے دی تھی، میٹرو ٹرین منصوبے کی لائننگ کے لئے اب بھی ہمارے آبائی گھر کا کچھ حصہ آرہا ہے لیکن اگر منصوبے کے لیے مزید اراضی کا مطالبہ کیا گیا تو اس منصوبے کو بھی دیں گے اور اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ ہمارا آبائی گھر اور یہ میرے اکیلے کا نہیں بلکہ دادا کا گھر ہے جس میں کئی خاندان رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :