پانچ روزہ بین الاقوامی تجارتی نمائش”تھائی فیکس“ میں شرکت کے خواہشمند اداروں سے27 فروری تک درخواستیں طلب

جمعہ 12 فروری 2016 11:39

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان( ٹی ڈی اے پی) نے تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی پانچ روزہ بین الاقوامی تجارتی نمائش”تھائی فیکس“ میں شرکت کے خواہشمند اداروں سے27 فروری تک درخواستیں طلب کی ہیں۔

(جاری ہے)

نمائش میں غذائی اشیاء بشمول فوڈ اینڈ بیوریجز، فروزن فوڈ، کافی اورچائے، فوڈ سروسز، کیٹرنگ، چاول اور مصنوعات ، فوڈ ٹیکنالوجی، مہمان نوازی کی خدمات سمیت دیگرمختلف مصنوعات برآمد کرنے والے ادارے اپنی مصنوعات و خدمات کی نمائش کرسکیں گے اورعالمی خریداروں سے کاروباری معاملات طے کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ عالمی تجارتی میلے کا آغاز25 مئی2016ء کو ہوگا جو پانچ روز جاری رہنے کے بعد29 مئی 2016ء کو اختتام پذیر ہوگا۔ عالمی تجارتی نمائش میں شرکت کے حوالے سے معلومات اتھارٹی کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔