مالی سال کے پہلے 7ماہ کے دوران ملک میں تیار کی جانے والی کاروں، لائٹ کمرشل گاڑیوں، ویگنوں اورجیپوں کی فروخت میں57 فیصد کا نمایاں اضافہ

جمعہ 12 فروری 2016 11:39

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال 2015-16ء کے پہلے 7ماہ کے دوران ملک میں تیار کی جانے والی کاروں، لائٹ کمرشل گاڑیوں، ویگنوں اورجیپوں کی فروخت میں57 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان آٹوموٹیو مینو فیکچررز ایسوسی ایشن(پاما) کے اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال میں جولائی2015ء تا جنوری2016ء کے دوران ملک میں تیارکی جانے والی گاڑیوں کی فروخت کا حجم ایک لاکھ33 ہزار437 یونٹس تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال2014-15ء کے اسی عرصہ کے دوران ملک میں تیار کی جانے والی گاڑیوں کے 85 ہزار135 یونٹس فروخت کئے گئے تھے۔

شعبہ کے ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ملک میں تیارکی جانے والی چھوٹی گاڑیوں کی فروخت کی شرح میں مزید15 فیصد اضافہ متوقع ہے اورمالی سال کے اختتام تک دو لاکھ6 ہزار777گاڑیوں کی فروخت کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

پاما کی رپورٹ کے مطابق پاک سوزوکی کی فروخت رواں مالی سال میں 9فیصد تک بڑھ گئی اور کمپنی نے مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران83ہزار188 گاڑیاں فروخت کی ہیں جبکہ انڈس موٹرز کی فروخت میں 7 فیصد کی کمی واقع ہوئی اور کمپنی کی تیارکردہ 36 ہزار448 گاڑیاں فروخت کی گئیں۔

اسی طرح ہنڈا اٹلس کارز کی فروخت کا حجم 13ہزار625 یونٹس تک بڑھ گیا۔ ماہرین نے کہا ہے کہ مقامی طور پر تیار کی جانے والی گاڑیوں کی فروخت کی شرح میں ہونے والا اضافہ خوش آئند ہے اور اس سے ملکی معیشت کی ترقی کا اشارہ ملتا ہے اور ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا ہے جوموجودہ حکومت کی کاروبار دوست اور دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کا مظہر ہے۔