ورلڈ ٹی ٹونٹی ،پی سی بی نے کھلاڑیوں ، سپورٹنگ سٹاف کے ویزوں کیلئے درخواستیں جمع کرادیں

جمعہ 12 فروری 2016 11:57

ورلڈ ٹی ٹونٹی ،پی سی بی نے کھلاڑیوں ، سپورٹنگ سٹاف کے ویزوں کیلئے درخواستیں ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء)پاکستان کرکٹ بورڈکی بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کے ویزوں کیلئے درخواستیں جمع کرادی گئیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے بھارت کی جانب سے باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کے بعد وہاں پر شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے بائیکاٹ کا عندیہ دیا تھا، انھوں نے پھر ایونٹ میں ٹیم کی شرکت حکومتی اجازت سے مشروط کردی ‘ وہ کئی بار اس کا اعادہ بھی کرچکے، حال ہی میں شہریارخان کی جانب سے پاکستان کے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی تجویز بھی سامنے آئی تاہم اندرون خانہ بورڈ کی جانب سے ٹیم بھارت بھیجنے کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں ‘ اسے صرف حکومت کی رسمی ہاں کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر امجد حسین بھٹی نے بتایا کہ ہمیں توقع ہے کہ حکومت ایک ہفتے میں کرکٹ ٹیم کے دورئہ بھارت کے بارے میں اپنا فیصلہ سنا دے گی، اجازت کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم بھی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں، کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کے ویزوں کی درخواستیں جمع کرا دی گئی ہیں۔جب ان سے شہریار خان کی جانب سے نیوٹرل وینیو پر میچز کھیلنے کی تجویزکا سوال کیا گیا تو امجد حسین نے کہاکہ ابھی تو ہمیں حکومتی جواب کا انتظار ہے،انکار پر ہی اس قسم کی تجاویز پر غور ہوسکتا ہے ‘ٹیم کے واہگہ بارڈر یا جہاز کے ذریعے بھارت جانے کے سوال پر انھوں نے کہاکہ سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر ہم لاجسٹک معلومات افشا نہیں کرسکتے تاہم تیاریاں جاری ہیں۔