آزاد کشمیر ‘ سوات ‘ اپر اور لوئر دیر میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا ‘ بالائی علاقوں میں ہونے والی برفباری نے لوگوں کی مشکلات بڑھا دیں

جمعہ 12 فروری 2016 13:22

مظفر آباد /مانسہرہ / گلگت /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) آزاد کشمیر سوات ‘ اپر اور لوئر دیر میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے تاہم بالائی علاقوں میں ہونے والی برفباری نے لوگوں کی مشکلات بڑھا دیں ‘ مظفر آباد ، باغ سمیت کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ‘ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ‘اسلام آباد اور راولپنڈی میں دو روز بعد سورج نکل آیا ‘ شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ۔

تفصیلات کے مطابق حسین وادیوں میں پربتوں کی شہزادیوں کاحسن تو برفانی دوشالوں اور زیوارت سے دوچند ہو گیا ہے تاہم برفباری نے لوگوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں ‘ سوات میں دو دن سے جاری کے بارش اور برف باری کا سلسلہ تھم گیا اور دھوپ نکل آئی تاہم موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے ادھر کالام ، مالم جبہ اور دیگر بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ شدید برف باری کے باعث بند ہوگیا اور لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

(جاری ہے)

لوئر دیر ، دیر بالا اور گرد و نواح میں گزشتہ دو روز سے جاری برفباری کا سلسلہ رات گئے رک گیا ۔ موسم صاف اور سرد ہوگیا ، برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند رہیں ‘ برفباری سے سرن ویلی ‘تناول روڈ سمیت مختلف رابطہ سڑکیں بند اور بجلی بھی منقطع رہی ۔ کچے گھروں کی چھتیں ٹپکنے لگیں ‘حویلیاں میں ہسپتال ، سکول بند رہے ‘ آزاد کشمیر میں برفباری کا دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ‘ برفباری سے مظفر آباد ‘ پونچھ ‘ باغ ‘ حویلی ، ہٹیاں ، ضلع نیلم کی زیادہ تر سڑکیں بند ہو گئیں ۔

بعض مقامات پر پانی پائپوں میں جم گیا ۔ لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ۔ گیس کی قلت ، لکڑی اور کوئلے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کے باعث لوگوں کو مشکلات سامنا رہا مانسہرہ شہرسے بالاکوٹ تک شاہراہ کاغان کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے،مانسہرہ کے بیشتر علاقوں میں برف باری کے بعد بجلی اور مواصلات کا نظام ابھی تک بحال نہیں ہوسکا۔

متعلقہ عنوان :