آزاد کشمیر کے لوگ پیپلزپارٹی کی کرپشن سے تنگ آچکے ہیں،راجہ محمد فاروق حیدر

جمعہ 12 فروری 2016 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگ پیپلزپارٹی کی کرپشن سے تنگ آچکے ہیں مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کی نشستوں پر روپے پیسے اور پلاٹوں کے بل بوتے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے، موجودہ حکمرانوں کو مال بنانے کی سوا کوئی کام نہیں، سکہ شاہی کے زمانے میں بھی ایسا نظام نہیں تھا جو آج کل آزاد کشمیر اور سندھ میں چل رہا ہے، مسلم کانفرنس ماضی کے بات ہے رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کے مزار پر سیاست کرنا شرم کی بات ہیں عتیق خان اور چوہدری مجید منفی سیاست ترک کریں آمدہ الیکشن میں عوام عتیق پیپلزپارٹی گٹھ جوڑ کو شکست دیں گے۔

مہاجرین ہمارے دست و بازو ہیں دُنیا کی کوئی طاقت مہاجرین جموں وکشمیر کو کو لیگ سے جدا نہیں کر سکتی میاں محمد نواز شریف کشمیری قوم کی امیدوں کا محور و مرکز ہیں اور مسلم لیگ(ن) ہی مہاجرین کے مسائل حل کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اسلام آباد میں حلقہ ویلی5-سے گجر برادری کے سرکردہ راہنما چوہدری عبدالغنی کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ(ن) شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب میں خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر چوہدری محبوب، چوہدری جان محمد، چوہدری اکرم، محمد شریف، محمد امین، خالد، محمد مشتاق،چوہدری رفیق اور دیگر نے بھی پیپلزپارٹی اور مسلم کانفرنس کو چھوڑ کر مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔ تقریب سے پاکستان مسلم لیگ(ن) علماء مشائخ ونگ کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد سلیم چشتی، سابق وزیر حکومت و امیدوار اسمبلی حافظ احمد رضا قادری، چوہدری عبدالغنی، راجہ نوید، چوہدری عابد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں مسلم لیگ(ن) پونچھ ڈویژن کے نائب صدرراجہ عبدالحفیظ،راجہ مسعودالرحمان ایڈووکیٹ ، راجہ ابرار عارف ایڈووکیٹ، چیئرمین سردار مہتاب احمد ایڈووکیٹ اور دیگر مسلم لیگی عہدیداران و کارکنان بھی شریک تھے۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) میں نئے شامل ہونے والوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بار بار جماعتیں تبدیل کرنا کوئی اچھی بات نہیں اور جماعتی قیادت ڈھال کا کردار ادا کرتی ہے لیکن جب وہ ڈھال ہی ٹوٹ جائے تو اپنے نظریات کے تحفظ کیلئے نیا گھر تعمیر کرنا ہی پڑتا ہے اور آپ خوش قسمت لوگ ہیں کہ آپ نے قائد اعظم کی جماعت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کی ہے اور مسلم لیگ(ن) ہی کشمیر یوں کی نمائندہ جماعت ہے کیونکہ قیام پاکستان کے بعد قائد اعظم  نے قائد ملت چوہدری غلام عباس یہ پیغام بھیجا تھا کہ مسلم کانفرنس کو اب لیگ میں ضم کر دیں کیونکہ اب پاکستان بن چکا ہے لیکن قائد اعظم کی وفات کے باعث اس وقت ایسا نہ ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ عتیق خان نے دوکروڑ روپے اور ایک فلیٹ کے حصول کیلئے چوہدری غلام عباس کے مزار کی بے حرمتی کا ڈرامہ رچایا اور چوہدری مجید نے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کسی سے کوئی اختلاف نہیں ہم آزاد کشمیر میں ایک صاف و شفاف نظام حکومت کا قیام چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر کی آمدن میں اضافہ ہو اور یہ پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو۔

راجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی مہاجرین جموں وکشمیر کو روپے پیسے اور پلاٹوں کے عوض خریدنے کی کوشش کر رہی ہے مہاجرین آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیے کر ثابت کریں کہ کشمیر ی قوم کو روپے پیسے کے بل بوتے پر خریدا نہیں جا سکتا اورجس نے بھی کسی نے کوئی غلط طریقے سے کوئی پلاٹ یا ملازمت حاصل کی آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت قائم ہوتے ہی منسوخ کر دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کشمیریوں کی امیدوں کا محور و مرکز ہیں اور میاں محمد نوازشریف پاکستان کی بہتری وترقی کیلئے ہمہ وقت مصروف ہیں آج ملک درست سمت رواں دواں ہے نیشنل ایکشن پلان کے باعث دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے آج حکومت پر تنقید کرنے والے بتائیں کہ پیپلزپارٹی کے دور میں بھی یہی فوج تھی اور یہی اسلحہ تھا انہوں نے مساجداور سکولز پر حملہ کرنے والوں کو کیوں نہیں روکاپیپلزپارٹی نے فرقہ واریت کیخلاف کاروائی کیوں نہ کی۔

انہوں نے کہا میاں محمد نوازشریف اور ان کے ساتھی ملک کی تعمیر نو کر رہے ہیں آج پاکستان میں سرمایہ داروں کا اعتماد بحال ہوچکا ہے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں ملک میں موٹرویز کے جال بچھائے جا رہے ہیں، اقتصادری راہدی جیسا عظیم منصوبہ اس ملک کے عوام کی تقدیر بدل کے رکھ دے گا، عوام خود تقابلی جائزہ لے کہ پیپلزپارٹی کے دور میں پاکستان کا دُنیا میں کیا مقام تھا اور آج کیا مقام ہے۔

سابق وزیر حکومت حافظ احمد رضا قادر ی نے خطاب کرتے ہوئے کہ ویلی 5-سے پیپلزپارٹی کے موجودہ ممبر اسمبلی نے گذشتہ ساڑھے چار سالوں میں سوائے لوٹ مار کے کچھ نہیں کیا پیپلزپارٹی کے موجودہ وزراء نے ملی بھگت سے40ہزار کے حساب سے زمین خرید کر3لاکھ کے حساب سے حکومت کو فروخت کر کہ حکومتی خزانہ کو کروڑوں کا چونا لگایا۔انہوں نے کہا کہ میں ویلی5-کے لوگوں کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتا میرے والد نے اس حلقہ کے عوام کی خدمت کی ہے اور مجھ سے بھی جو بن پڑا کرونگا اور اگر قیادت نے مجھ پر اعتما د کااظہار کیا تو یہ سیٹ جیت کر قیادت کو تحفے میں پیش کرونگا۔

دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہماری مسلم لیگ(ن) کی قیادت سے درخواست ہے کہ وہ حلقہ کے عوام کے مفاد میں ایک بار پھر الحاج ثنا اللہ قادری کے بیٹے کو ٹکٹ دیں ۔ ہمیں پلاٹو ں اور روپے پیسے کے لالچ دئیے جا رہے ہیں لیکن آمدہ انتخابات میں ہم ثابت کرینگے روپے پیسوں اور پلاٹوں کے عوض ہمارے ضمیروں کو سودا نہیں کیا جا سکتا۔