شعبہ ابلاغیات کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن اختر ناز کی نمازِ جنازہ ‘سیاسی و سماجی شخصیات سینکڑوں افراد کی شرکت‘قرآن خوانی آج ہو گی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 12 فروری 2016 18:45

شعبہ ابلاغیات کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن اختر ناز کی نمازِ جنازہ ‘سیاسی ..

لاہور( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی پی اے۔12فروری۔2016ء)پنجاب یونیورسٹی شعبہ ابلاغیات کے سابق ڈائریکٹر اور سابق پبلک ریلیشنز آفیسر ڈاکٹر احسن اختر ناز کی نمازِ جنازہ پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس جاگنگ ٹریک میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، شعبہ صحافت کے سینئر اساتذہ ڈاکٹر مہدی حسن، ڈاکٹر شفیق جالندھری، ڈاکٹر مجاہد منصوری، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی ، سلمان غنی، عطاء الرحمن، اوریا مقبول جان، سجاد میر، نجم ولی خان، نوید چوہدری ، اجمل جامی، سماجی و سیاسی شخصیات راجہ منور، چوہدری اکرم، اعجاز چوہدری،لیاقت بلوچ، فرید پراچہ، امیر العظیم، مختلف اداروں کے پبلک ریلیشنز آفیسرز، مختلف صحافتی تنظیموں کے عہدیداران، ادارہ علوم ابلاغیات کے فیکلٹی ممبران اور ڈاکٹر احسن اختر ناز کے ہزاروں شاگردوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ان کی نمازِ جنازہ لیاقت بلوچ نے پڑھائی۔ اپنے تعزیتی بیان میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ ڈاکٹر احسن اختر ناز کی شعبہ صحافت میں گراں قدر خدمات ہیں اور ان کے شاگرد میڈیا کے تمام اداروں میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنازے میں تمام معاشرے کے تمام طبقات سے اتنی بڑی تعداد میں سوگواران کی شرکت ان کے ساتھ لوگوں کی وابستگی کا ثبوت ہے۔ تماز جنازہ کے بعد انہیں پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ڈاکٹر احسن اختر ناز کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا انعقاد بعد از نمازِ عصر جامع مسجد ای بلاک نیو کیمپس کالونی میں سہ پہر 3:30 پر کیا جائے گا۔