کراچی کنگز کے خلاف میچ، لاہور قلندرز نے کپتان اظہر علی کو ہی باہر بٹھا دیا،ٹیم کی قیادت ڈوین براوو نے کی

اظہر علی پی ایس ایل میں اب تک خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے

جمعہ 12 فروری 2016 18:57

کراچی کنگز کے خلاف میچ، لاہور قلندرز نے کپتان اظہر علی کو ہی باہر بٹھا ..

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 فروری۔2016ء) پی ایس ایل ٹیم لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف میچ کیلئے اپنے کپتان اظہر علی کو ہی میدان سے باہر بٹھا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میچ کیلئے دونوں ٹیمیں میدان میں آئیں تو قیادت کی باگ دوڑ ڈوین براوو کے ہاتھ میں دیکھ کر شائقین حیران رہ گئے تاہم ٹاس کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ اظہر علی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس لئے ٹیم کی قیادت ڈوین براوو نے کی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اظہر علی پی ایس ایل میں اب تک خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں اور سست رفتار بیٹنگ کی وجہ سے ٹیم کو بھی مشکلات سے دوچار کر چکے ہیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اظہر علی سست رفتار بیٹنگ کرنے کی شہرت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ قومی ٹی 20 ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کیلئے میچ انتہائی اہم ہے اور وہ اسے ہر صورت جیتنا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کپتان اظہر علی کو آج نہیں کھلایا گیا تاہم ٹیم کی جانب سے وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ اظہر علی کو ”آرام“ دیا گیا ہے۔ ۔