پاکستان میں زکا وائرس کا کوئی وجود نہیں ،سائرہ افضل تارڑ

وزارت لاطینی امریکہ میں وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ڈبلیو ایچ سے رابطہ میں اور تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ کیا جا رہا ہے حکام عالمی سطح پر وائرس سے پیدا شدہ صورتحال سے پوری طرح آگا ہ ہیں ،عوام میں غیر ضروری خوف و ہراس اور غلط فہمیوں سے بچنے کیلئے معلومات فراہم کی جارہی ہے،قومی مشاورتی اجلاس سے خطاب

جمعہ 12 فروری 2016 19:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 فروری۔2016ء ) وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہاہے کہ پاکستان میں زکا وائرس کا کوئی وجود نہیں ہے، وزارت لاطینی امریکہ میں زکا وائرس کے کیسز رونما ہونے کے بعد عالمی ادارہ صحت کے ساتھ رابطہ میں ہے اور تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ کیا جا رہا ہے ، پاکستانی حکام عالمی سطح پرزکا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال سے پوری طرح آگا ہ ہیں عوام میں اس حوالے سے غیر ضروری خوف و ہراس اور غلط فہمیوں سے بچنے کے لیے معلومات فراہم کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی حکومتوں اور عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زکا وائرس کی صورت حال پر مکمل نظر ہے اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں انہوں نے کہاکہ زکا اور ڈینگی وائرس ایک ہی قسم کے مچھر سے پھیلتا ہے لہذا اس سلسلے میں محتاط ہونے کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ وزارت قومی صحت نے صوبائی حکومتوں سے مل کر ایبولا کے حوالے سے بہترین اقدامات کئے تھے اسی طرح زکا کی روک تھام کے لیے بھی مربوط اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کہ زکا وائرس کا کوئی بھی کیس رونما نہیں ہواہے اس موقع پر زکا وائرس کے سلسلے میں ہونے والے قومی مشاورتی اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 33 ممالک اس بیماری سے متاثر ہو چکے ہیں ڈبلیو ایچ او کے اس خطے میں زکا وائرس فی الحال کوئی وجود نہیں ہے سفارشات میں یہ بھی بتایا گیا کہ برازیل میں زکا وائرس کی وجہ سے آئندہ ہونے والے اولمپکس میں شرکت کے لئے جانے والے پاکستانی وفد کے لیے گائیڈ لائن کی تیار کرے گا اور زکا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے قومی ماہرین صحت کے ورکنگ گروپ کی تشکیل کی جائے گی سفارشات میں بتایا گیا ہے کہ ڈینگی کے لیے موجودہ نظام کو زکا وائرس سے بچاؤ کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا اس سلسلے میں عالمی ادارہ صحت نے ہر ممکن تکنیکی معاونت کی یقین دھانی کرائی ہے۔

۔۔۔زیاد قاضی

متعلقہ عنوان :