پاکستان اور کینیڈا دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کام، توانائی اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کینیڈین کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرینگے، خواتین کو اقتصادی لحاظ سے با اختیار بنانے کی غرض سے کینیڈا پاکستان کو تعاون فراہم کر رہا ہے

پاکستان میں تعینات کینیڈا کے ہائی کمشنر ہیتھر کروڈن کا کینیڈین سفارتخانے میں استقبالیہ سے خطاب

جمعہ 12 فروری 2016 19:56

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) پاکستان میں تعینات کینیڈا کے ہائی کمشنر ہیتھر کروڈن نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں، انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان کیساتھ تعاون کو مزید مستحکم اور پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کام، توانائی اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کینیڈین کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرینگے، خواتین کو اقتصادی لحاظ سے با اختیار بنانے کی غرض سے کینیڈا پاکستان کو تعاون فراہم کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کینیڈین سفارتخانے میں ایک استقبالیے سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔کینیڈا کی خاتون ہائی کمشنر نے باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گر دی کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا دہشت گردی کے خطرے پر قابو پانے کیلئے قریبی تعاون کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کینیڈین کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں آئی ٹی، توانائی اور ایگریکلچر سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ 2014میں پاکستان کینیڈا کا کینولا کیلئے سب سے بڑا مارکیٹ تھا۔کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے یونیسیف کو 20ملین ڈالر کی امداد فراہم کر رہاہے۔اسکے علاوہ 243000عملے کی تربیت کی غرض سے الیکشن کمیشن پاکستان کیساتھ تعاون کیا گیا ہے۔