پی ایس ایل؛ کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 27رنز سے ہرا دیا

جمعہ 12 فروری 2016 20:19

پی ایس ایل؛ کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 27رنز سے ہرا دیا

شارجہ(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار12فروری- 2016ء) پاکستان سپر لیگ کے 12 ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 27رنز سے ہرا دیا ۔شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں لاہور کی جانب سے کرس گیل اور کیمرون ڈیلپوٹ نے اننگز کا آغاز اور ٹیم کو 98 رنز کا شاندار اور جارحانہ اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، ڈلپورٹ 55 اور کرس گیل 37 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔

اس کے بعد لاہور کی بیٹنگ لائن اپ خزاں کے پتوں کی مانند بکھر گئی اور عمر اکمل ا ور رضوان کے علاوہ مزیدکوئی بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا ،کراچی کی جانب سے برطانوی آل راؤنڈر روی بوپارہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16رنز دیکر 6کھلاڑی آؤٹ کیے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان ڈیون براوٴو نے ٹاس جیت کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی جب کہ کراچی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے شعیب ملک خود نعمان انور کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے کے لئے آئیاور ٹیم کو 54 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 54 کے مجموعی اسکور پر نعمان انور 35 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے، جیمز ونس بھی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ شعیب ملک بوپارا کے ہمراہ سکور لیکر آگے چلے اور 13 ویں اوور میں 27 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے، عماد وسیم اور شکیب الحسن بھی زیادہ اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے، عماد 11 اور شکیب 9 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے تاہم روی بوپارا او ر مشفق الرحیم نے جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے لاہور کو اچھا ٹارگٹ دینے میں مدد فراہم کی، بوپارا 17 اور مشفق الرحیم 10 رنز پر ناٹ آوٴٹ رہے۔لاہور کی جانب سے ذوہیب خان اور ظفر گوہر نے 2،2 جب کہ کیون کوپر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :