پنشن کے بارے میں ہدایات پر علمدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے 67 وزارتوں وسرکاری اداروں کے فوکل پرسنز کو 15 فروری کو وفاقی محتسب سیکرٹریٹ طلب کر لیاگیا

اداروں کے سر براہان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہاں متعین کردہ فوکل پرسن کو پنشن کے تمام زیر التواء کیسوں کی مکمل تفصیلات اور عملدرآمد کی رپورٹ کے ساتھ سماعت کیلئے بھیجیں

جمعہ 12 فروری 2016 22:53

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی کی ہدایت پر پنشن کے بارے میں جاری کردہ ہدایات پر علمدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے 67 وزارتوں وسرکاری اداروں کے فوکل پرسنز کو 15 فروری کو وفاقی محتسب سیکرٹریٹ اسلام آباد میں طلب کر لیاگیا ہے۔ قبل ازیں وفاقی محتسب نے تمام وفاقی وزارتوں ‘ڈویژنوں اور سرکاری اداروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ وفاقی حکومت کے ریٹائرڈ ملازمین کے زیر التواء پنشن کیسوں کو تیس دن کے اندر اندر مکمل کر کے رپورٹ پیش کریں اور مستقبل میں سرکاری ملازمین کے پنشن کے معاملات کو حل کرنے کیلئے تمام سرکاری اداروں میں ایک پنشن سیل قائم کریں جس کا سربراہ گریڈ بیس کا ایک افسر ہو۔

وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے سینئر ایڈوائزر اور بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے گریوینس کمشنر حافظ احسان احمد کھو کھر کے دستخطوں سے جاری ہونے والے خط میں 67وفاقی وزارتوں ‘ڈویژنوں اور وفاقی حکومت کے اداروں کے سر براہان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہاں متعین کردہ فوکل پرسن کو پندر ہ فروری کو پنشن کے تمام زیر التواء کیسوں کی مکمل تفصیلات اور عملدرآمد کی رپورٹ کے ساتھ سماعت کیلئے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ بھیجیں۔

(جاری ہے)

ایک دوسرے خط میں ڈائریکٹر جنرل اے جی پی آر کوبھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وفاقی حکومت کے ریٹائرڈ ملازمین کے زیر التواء کیسز کی تفصیلات کے ہمراہ پندرہ فروری کو پیش ہوں۔اے جی پی آر سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ 30دن سے پرانے پنشن کے کیسوں کی تمام تفصیلات بشمول تاریخ وصولی کی مکمل رپورٹ ہمراہ لائیں۔

متعلقہ عنوان :