پیمرا نے اے آر وائی نیوز چینل کے پروگرام دی رپورٹرز میں دفاعی قومی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش پر انتباہ جاری کردیا

جمعہ 12 فروری 2016 22:54

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے اے آر وائی نیوز چینل کے پروگرام دی رپورٹرز میں دفاعی قومی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش پر انتباہ جاری کیا ہے، 11 فروری کو اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں یہ تاثر دیا گیا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان اختلافات ہیں، ایسا تاثر پیمرا کے قواعد اور ضوابط کیخلاف ہے۔

اسی طرح 9 فروری کو اس چینل کے پروگرام میں پاک فوج میں مستقبل کی تقرریوں کے متعلق قیاس آرائی پر مبنی اور غیر ذمہ دارانہ تجزیہ دیا گیا۔ پیمرا نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کی صحافت سپریم کورٹ کی ہدایات پر جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی و اضح خلاف ورزی ہے۔ پیمرا نے خبردار کیا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ کے دوران مذکورہ چینل کا میزبان اور اس کے ساتھی حساس معاملات انتہائی غیر پیشہ وارانہ انداز میں اٹھاتے ہیں اور تجزیہ پیش کرتے ہیں جو حقائق کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ناشائستہ زبان کا استعمال صحافت کی پیشہ ورانہ اقدار کیخلاف ہے۔ ایسے پروگراموں کے تسلسل سے ظاہر ہوتا ہے کہ چینل نے کوئی ادارتی مانیٹرنگ کمیٹی نہیں بنائی اور نہ ہی ڈیلے ٹیلی کاسٹ سسٹم نصب کیا۔ پیمرا نے بارہا چینل کی توجہ رولز کی خلاف ورزی کی جانب دلائی تاہم اس نے کوئی درست اقدامات نہ کئے، چینل سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کوئی پروگرام الیکٹرانک میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015ء کی خلاف ورزی میں نہ پیش کیا جائے۔ ترمیمی پیمرا ایکٹ 2007ء کے سیکشن 29 اور 30 کے تحت ایسا اقدام کریمنل ایکٹ ہے اس لئے اے آر وائی آئین اور قواعد و ضوابط کے منافی پروگرام پیش نہ کرے۔

متعلقہ عنوان :