داعش سمیت کوئی دہشتگرد تنظیم پاکستان میں پنجے نہیں گاڑ سکتی،پاکستانیوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،دہشتگرد معاشرے میں تنہا ہو رہے ہیں، آنے والے دنوں میں دہشت گردوں کے خلاف مزید بریک تھرو ملنے کا امکان ہے،آرمی چیف دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 12 فروری 2016 23:56

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12فروری۔2016ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، داعش سمیت کوئی دہشتگرد تنظیم پاکستان میں پنجے نہیں گاڑ سکتی ۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جو کچھ حاصل کیا وہ دنیا کے لئے مثال ہے ۔

وہ جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ داعش سمیت کسی دہشتگرد جماعت کو پاکستان میں پنجے نہیں گاڑنے دینگے اسلئے پاکستانیوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، عاصم باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جو کچھ حاصل کیا وہ دنیا کے لئے مثال ہے ، دہشتگردوں کے خلاف کامیابیاں جاری رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ملک میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک تھے مگر اب دہشتگرد محدود ہوتے جا رہے ہیں اور روزبروز کم ہو رہے ہیں ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید بریک تھرو ملے گا۔ دہشتگردوں کے سہولت کاروں سمیت جس کا ذرا سا بھی تعلق ہوگا اس کو پکڑ لیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کو واپسی بھیجنے اور آبار کرنے کا پلان موجود ہے ،دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری ہے ابھی ختم نہیں ہوئی۔ بارڈر ایریا میں امن کیلئے کام جاری ہے اس ملک میں کسی دہشتگرد تنظیم کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔

دہشتگرد معاشرے میں تنہا ہو رہے ہیں ۔عاصم باجوہ نے کہا کہ ملک میں مکمل امن کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں گے ۔ دہشتگردوں کی لعنت کو ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے ایک علاقے کے سوا باقی علاقے کلیئر ہو چکے ہیں ۔ اس سال کے آخر تک تمام آئی ڈی پیز واپس اپنے گھروں میں جا چکے ہوں گے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پکڑے گئے دہشتگردوں کو اپنے انجام تک پہنچنا چاہیئے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ایک ایمر جنسی سرجری کی طرح ہوتے ہیں ۔ آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردوں کا مواصلاتی نظام تباہ ہوچکا ہے ۔ آرمی چیف آپریشن کو خود لیڈ کر رہے ہیں ۔ پوری دنیا یں معاملات ایسے ہی کنڑول کئے جاتے ہیں ۔ عاصم باجوہ نے کہا کہ آرمی چیف دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں ۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پاک فوج کی کارکردگی پر فخر ہے ۔عاصم باجوہ نے کہا کہ داعش پوری دنیا کے لئے چیلج ہے ۔کراچی میں قیام امن کے لئے آپریشن جاری رہے گا ۔ دہشتگردی کے خلاف جہاں جہاں ضرورت ہوگی آپریشن کیا جائے گا ۔