پاکستانی عوام ویلنٹائن ڈے نہ منائیں یہ اسلامی روایت کا نہیں مغرب کا حصہ ہے ۔ صدر مملکت کا پاکستانی عوام پر زور

ہفتہ 13 فروری 2016 13:09

پاکستانی عوام ویلنٹائن ڈے نہ منائیں یہ اسلامی روایت کا نہیں مغرب کا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 فروری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستانی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ویلنٹائن ڈے نہ منائیں کیوں کہ یہ دن اسلامی روایت کا نہیں، بلکہ مغرب کا حصہ ہے۔تحریک پاکستان کے رہنما سردار عبد الرب نشتر کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ ویلنٹائن ڈے کا ہماری ثقافت و روایات سے کوئی تعلق نہیں، اس لیے یہ دن منانے سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی ثقافت میں پائی جانے والی خرابیوں نے ہمارے ایک پڑوسی ملک کو بْری طرح متاثر کیا ہے، جس سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے۔ ملک کے تعلیمی نظام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک کے نصاب تعلیم کو جدید دور سے ہم آہنگ کرنے اور نظریہ پاکستان کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے کام جاری ہے اور جلد تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے ملک میں نیا نصاب تعلیم رائج کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے عظیم رہنماوٴں کے خیالات اور فلسفہ اپنانے سے ترقی کرسکتا تھا اور بین الاقوامی برادری میں ایک ممتاز حیثیت حاصل کرسکتا تھا، جس کا کبھی ہمارے بانیان نے خواب دیکھا تھا، لیکن بدقسمتی سے ہم نے اپنے جغرافیائی محل وقوع کا پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا۔تاہم اب حکومت پاک۔ چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کے ذریعے ملک کو خوشحالی کی نئی بلندیوں پر پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، قائد اعظم کی قیادت میں سردار عبد الرب نشتر اور دیگر رہنماوٴں کی جدو جہد کے باعث وجود میں آیا، اب ہمیں اپنے بانیان کے نقش قدم پر چل کر ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :