مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ‘ میدانی علاقوں میں دھند ہوگی

پاکستان میں بارشوں کے ٹائمنگ تبدیل ہو جاتے ہیں ‘موسم بہار اپنے جوبن پر آئیگا ‘ ڈاریکٹر محکمہ موسمیات

ہفتہ 13 فروری 2016 15:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء) محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے اور مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری اوربالائی پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، فاٹا اور شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد جبکہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گاتاہم ملک کے شمالی علاقوں میں چند مقامات پر مطلع جزوی طور پر ابر آلودرہنے کے ساتھ بارش اوربرف باری کا بھی امکان ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ، اور ہفتہ کو ملک میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ، استور، کوئٹہ، دیراور مالم جبہ میں منفی 05، پارا چنار، راولاکوٹ اور قلات میں منفی 04، بگروٹ، سکردو، مری، دالبندین اور گوپس میں منفی03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ادھر ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر محمد حنیف کے مطابق دنیا کے سمندر معمول سے زیادہ گرم یا ٹھنڈا ہو جائے تو موسم میں جو تبدیلی آئے گی وہ ایلنینو کا سال ہو گا۔

اس سے پاکستان میں بارشوں کے ٹائمنگ تبدیل ہو جاتے ہیں۔ماہرین کہتے ہیں کہ ابھی سرما کی بارشیں اور پہاڑوں پر برف باری اور بھی ہو گی، موسم بہار دیر سے اپنے جوبن پرآئیگا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دس دن میں ایک ایسا بارش کاسپیل آئے گا جس میں لگے گا سردی واپس آ چکی ہے، سردی کا یہ آنا جانا اگلے دو ماہ تک جاری رہے گا ،ونٹر مارچ کے آخر تک چل سکتا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 10 دنوں میں کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 30 ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ جائے گالیکن بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری والے دنوں میں کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی ۔

متعلقہ عنوان :