ویلنگٹن ٹیسٹ دوسرا روز : آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم

ہفتہ 13 فروری 2016 16:52

ویلنگٹن ٹیسٹ دوسرا روز : آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 فروری۔2016ء)ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 463 رنز بنا لیے ہیں۔آسٹریلیا کو نیوزی لینڈ کے خلاف 280 رنز کی برتری حاصل ہے اور پہلی اننگز میں اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر ایڈم ووجز اور پیٹر سڈل کریز پر موجود تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جو برنز اور ڈیوڈ وارنر نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو صرف پانچ رنز کے مجموعی سکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔اس موقع پر آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ اور عثمان خواجہ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 126 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی خاص بات ایڈم ووجز اور عثمان خواجہ کی شاندار سنچریاں تھیں۔

(جاری ہے)

ایڈم ووجز نے 26 چوکوں کی مدد سے 176 جبکہ عثمان خواجہ نے 25 چوکوں کی مدد سے 140 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں ٹم ساوٴدی اور ٹرینٹ بولٹ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 183 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔نیوزی لینڈ کے بیٹسمین آسٹریلوی بولروں کی تباہ کن بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں مارک کریگ نے 41 اور کوری اینڈرسن نے38 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کے پانچ بیٹسمینوں کا انفرادی سکور دوہرے ہندسے تک پہنچنے میں ناکام رہا۔آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں ہیزل وڈ نے چار جبکہ پیٹر سڈل اور نیتھن لیون نے تین تین کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔جمعے کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔