نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ کی جانب سے فاطمہ جناح پاک میں روایتی اور چٹ پٹے کھانوں اور لوک موسیقی پر مبنی فوڈ فیسٹیول کا انعقاد

ہفتہ 13 فروری 2016 22:01

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 فروری۔2016ء) نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ کے ایک گروپ نے ہفتہ کو یہاں فاطمہ جناح پاک المعروف ایف نائن پارک میں کنگ فوڈ/کنگ پریولیج کارڈ کے پلیٹ فارم سے روایتی اور چٹ پٹے کھانوں اور لوک موسیقی پر مبنی فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا۔ فوڈ فیسٹیول کے انعقاد میں طلبہ کے گروپ کو گائے بناسپتی اور جیریز انٹرنیشنل نے تعاون فراہم کیا جبکہ ایف ایم 91 میڈیا گروپ نے میڈیا پارٹنر کی ذمہ داریاں ادا کیں۔

فوڈ فیسٹیول میں روایتی کھانوں کی مختلف کاروباری کمپنیوں نے سٹال قائم کر رکھے تھے تاہم بڑی تعداد میں گھروں میں کھانے تیار کر کے سوشل میڈیا کے ذریعہ ہوم ڈیلیوری کی سہولت کے ذریعہ کاروبار کرنے والے خواتین و حضرات نے بھی سٹال لگا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

فوڈ فیسٹیول میں 40 سے زائد سٹال، بچوں کی تفریح کیلئے جھولے اور لوک پروگراموں کا انتظام کیا گیا تھا۔

وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی بڑی تعداد نے ہفتہ کی چھٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے روایتی کھانوں کے خوب مزے لئے اور اہلخانہ کے ہمراہ تفریح کی۔ فیسٹیول کے 5 رکنی آرگنائزرز گروپ کے اراکین اسامہ طارق، کمال، فہد، اشعر اور ابو ذر نے بتایا کہ یہ فوڈ فیسٹیول اپنی نوعیت کا منفرد فیسٹیول ہے جس میں گھریلو پکوان کی صنعت کے علاوہ فوڈ کلے کاروبار سے وابستہ کاروباری کمپنیوں کو اپنی مصنوعات کو متعارف کرانے اور کھانے پینے کے دلدادہ افراد کو نت نئے پکوانوں، فاسٹ فوڈز، پیزا، چپل کباب، مختلف اقسام کی بریانی اور کیک، آئس کریم جیسے خوش ذائقہ پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 50 رضا کاروں نے انتظام و انصرام میں تعاون کیا ہے جبکہ جسمانی معذوری کا شکار ایک خاتون خانہ کا سٹال بھی متعارف کرایا گیا جو اپنے خاوند کے ہمراہ گھر میں پیزا اور دیگر اشیاء تیار کر کے سوشل میڈیا اور پمفلٹ کے ذریعہ کاروبار چلا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیولری اور ملبوسات گھر میں فروخت کرنے والی دو خواتین نے بھی سٹال لگایا ہے جبکہ چاکلیٹ سے لپٹی مٹھائیوں اور بیکری آئٹمز کے خصوصی سٹال بھی ہیں جو طالبات کے گھر میں تیار کردہ سامان پر مشتمل ہے۔

آرگنائزر نے بتایا کہ آئندہ سے وہ سالانہ کی بنیاد پر ایسے فوڈ فیسٹیولز منعقد کرائیں گے اور کنگ پریولیج کے ذریعہ شہریوں کو رعایتی نرخوں کی سہولت سے استفادہ کرنے کا بھی بھرپور موقع ملے گا۔ فوڈ فیسٹیول میں تھائی اور چائنیز کھانوں کا سٹال بھی شائقین کی توجہ کا مرکز رہا جو احمد ظفر اور ان کی اہلیہ انم نے لگایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر میں تیار کر کے سوشل میڈیا کے ذریعہ ہوم ڈیلیوری سے کام کا آغاز کیا ہے اور اچھی پذیرائی مل رہی ہے۔

جسمانی معذوری کا شکار عفت نامی خاتون نے پیزا کا سٹال لگایا ہوا تھا جن کا کہنا تھا کہ وہ دونوں میاں بیوی کام کرتے ہیں اور 5 لوگوں کو روزگار کا موقع بھی فراہم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی معذوری کو کمزوری نہیں بنایا ور باعزت ذریعہ معاش کما رہے ہیں۔