نیب افسران نے پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ‘ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں پچھلے سال کی نسبت کرپشن میں 9 درجے کمی ہوئی ، یہ ملک و قوم کیلئے باعث تکریم ہے،چیئرمین نیب قمر زمان چودھری کا نیب لاہور کے افسران سے خطاب

ہفتہ 13 فروری 2016 23:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13فروری۔2016ء) چیئرمین قومی احتساب بیورو( نیب) قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ بدعنوان عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور احتساب کے شفاف نظام کو یقینی بنانے پر نیب لاہور کے افسران کی کارکردگی تسلی بخش ہے جبکہ نیب افسران نے پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

وہ ہفتہ کو یہاں نیب لاہور کی سالانہ جائزہ کارکردگی رپورٹ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا نیب افسران کی کارکردگی انتہائی موثر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ نیب لاہور کی کارکردگی پچھلے سال کی نسبت بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اپنی اس مثالی کارکردگی کو آئندہ بھی برقرار رکھیں تاکہ ادارے کا تشخص قائم رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اداروں کا اہم کردار ہوتا ہے اور اس میں کام کرنیوالے ہی اسے مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے ہر شخص کو اپنا احتساب کرنا ہو گا‘ خود احتسابی کو فروغ دینے سے ہی ہم ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں۔ چیئرمین نیب نے خبردار کیا کہ جو بھی ادارے کا نام غلط استعمال کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی‘ قوم کو نیب سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں ان توقعات پر پورا اترنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اداروں نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور نیب کی کارکردگی سب سے بہتر ہے اور اس نے مثبت نتائج دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف احتساب کی بدولت پاکستان میں کرپشن میں کمی ہو ئی ہے ‘ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پچھلے سال کی نسبت کرپشن میں 9 درجے کمی ہوئی ہے جو ملک و قوم کیلئے حوصلہ افزا اور باعث عزت ہے۔ پاکستان نے سی پی آئی ریٹنگ میں بھی بہتری کا مظاہرہ کیا ہے۔