پاکستان سپرلیگ کیخلاف بھارت کی ایک اور سازش پکڑی گئی

اتوار 14 فروری 2016 14:21

پاکستان سپرلیگ کیخلاف بھارت کی ایک اور سازش پکڑی گئی

لاہور/شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 فروری۔2016ء) متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی پاکستان سپر لیگ کے خلاف بھارتی سازش کا انکشاف ہوا ہے۔ سپر لیگ کے ٹکٹ فروخت کرنے کی ذمہ داربھارتی کمپنی نے ٹکٹوں کی مصنوعی قلت پیدا کر دی۔ پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں گراؤنڈ خالی رہے۔ مجبوراً پی سی بی کو شارجہ گراونڈ میں عوام کا داخلہ مفت کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کو ناکام بنانے کے لئے بھارتی کمپنیاں بھی سازشوں میں مصروف ہوگئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی فروخت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بھارتی رومانس میں مبتلا اہم شخصیت نے بھارتی کمپنی کایا زونگا کو ٹھیکا دیا تھا۔ کایا زونگا نے پہلے ٹکٹوں کی مصنوعی قلت پیدا کی۔

(جاری ہے)

تمام ٹکٹ فروخت کرنے کے دعوے کیے مگر اس کے باوجود ابتدائی میچز میں گراونڈ خالی رہے۔

مجبوراً پاکستان کرکٹ بورڈ انتظامیہ نے شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں عوام کا داخلہ مفت کردیا۔ مقامی ریڈیو سٹیشنز پر سٹیڈیم میں مفت داخلے کا اعلان کرانا پڑا۔ بھارتی ٹکٹنگ کمپنی نے سیمی فائنلز اور فائنل کے تمام ٹکٹ بھی فروخت ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کھوکھلے دعووں کی وجہ سے ایک جانب تو شائقین کرکٹ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری طرف پی سی بی کو بھی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔