وقار یونس کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے منتخب کرکٹرز کو پی ایس ایل میں موقع نہ ملنے پر نارضگی کا اظہار

اتوار 14 فروری 2016 14:21

وقار یونس کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے منتخب کرکٹرز کو پی ایس ایل میں موقع ..

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 فروری۔2016ء) قومی کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی سکواڈ کیلئے منتخب کرکٹرز کو پی ایس ایل میں موقع نہ ملنے پر نارضگی کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم اور محمد عرفان سمیت چند کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہیں مل پا رہا، پہلے ایڈیشن میں ہی ویرات کوہلی اور روہت شرما جیسے اسٹارز ابھرنے کی توقع نہیں کی جاسکتی،پاکستان کو 4سال تک صبروتحمل کے ساتھ نتائج کا انتظار کرنا ہوگا، تسلسل کے ساتھ مقابلوں میں شرکت سے ہمیں عالمی معیار کا ٹیلنٹ ملنا شروع ہوجائے گا۔

پاکستان ورلڈکپ ، ورلڈٹی ٹوئنٹی اور چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو کبھی شکست نہیں دے سکا، لیکن آئندہ ماہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم یہ روایت ختم کردے گی اور بھارت کو اسکی سرزمین پر شکست دیگی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی کئی فرنچائزز اپنی دانست میں بہتر کمبی نیشن بنانے کیلئے کئی ایسے کھلاڑیوں کو بھی ڈراپ کررہی ہیں جو ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے قومی اسکواڈ میں شامل ہیں، ہیڈ کوچ وقار یونس نے ایک انٹرویو میں اس روش پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے تجارتی مقاصد سے انکار نہیں،فرنچائزز کو اپنی مرضی کی پلیئنگ الیون بنانے کا حق حاصل ہے لیکن حیران ہوں کہ میگا ایونٹس سے قبل بابر اعظم اور محمد عرفان سمیت چند کھلاڑیوں کو پوری طرح صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہیں دیا جا رہا۔

انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں ہی آئی پی ایل کی طرح ویرات کوہلی اور روہت شرما جیسے اسٹارز ابھرنے کی امید نہیں کی جا سکتی، آغاز میں ہی بلند توقعات نہیں رکھی چاہئے،پاکستان کو 4سال تک صبروتحمل کے ساتھ نتائج کا انتظار کرنا ہوگا، تسلسل کے ساتھ مقابلوں میں شرکت سے ہمیں عالمی معیار کا ٹیلنٹ ملنا شروع ہوجائے گا۔ہیڈ کوچ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے اسکواڈ سے مطمئن ہونے کا سوال گول کرگئے۔

انھوں نے کہا کہ میں نہیں جانتا آپ نے چیف سلیکٹر ہارون رشید سے بات کی ہے، بہتر ہوگا کہ ان سے پوچھیں، سلیکٹرز نے میری رائے لی تھی لیکن حتمی فیصلے انھوں نے ہی کیے ہیں، میں منتخب نوجوان کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کی امید کررہا ہوں۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس میں بھارتی ٹیم ہمیشہ حاوی رہی لیکن اس بار فتوحات کا قحط ختم کرنے کی کوشش کریں گے، پلیئرز میں صلاحیتیں موجود ہیں، صرف کنڈیشنز کے مطابق کھیلنا اور دباوٴ میں پرفارم کرنے کیلیے ذہنی طور پر تیار رہنا ہوگا۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس آئی سی سی ایونٹس میں بھارت سے ہارنے کی روایت توڑنے کے دعویدار ہیں۔ ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی لیگ کھلاڑیوں کیلئے بہت مفید ثابت ہوئی ہے۔ ہم ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں روایتی حریف کو شکست دیں گے۔