گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ بدترین مندی کی لپیٹ میں رہی

کے ایس ای 100 انڈیکس 10 بالائی حد سے نیچے گرگیا نڈیکس 32400 پوائنٹ کی بلند ترین سطح سے گھٹ کر 31400 پوائنٹ کی کم ترین سطح پر بند ہوا رپورٹ

اتوار 14 فروری 2016 15:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ بدترین مندی کی لپیٹ میں رہی، کے ایس ای 100 انڈیکس 10 بالائی حد سے نیچے گرگیا جس کے بعد انڈیکس 32400 پوائنٹ کی بلند ترین سطح سے گھٹ کر 31400 پوائنٹ کی کم ترین سطح پر بند ہوا، شدید کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ میں 2 کھرب روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ کاروباری ہفتے کا آغاز مارکیٹ میں تیزی کے ساتھ ہوا اور انڈیکس نے 227 پوائنٹ ریکور کئے لیکن 4 کاروباری دن مارکیٹ مسلسل مندی کی زد میں رہی اور اس دوران انڈیکس نے 1242 پوائنٹ لوز کیے جس کی وجہ سے انڈیکس 32400 ، 32300 ، 32200 ، 32100 ، 32000 ، 31900 ، 31800 ، 31700 ، 31600 اور 31500 پوائنٹ کی 10 حدیں کم ہو کر 31400 پوائنٹ کی کم ترین سطح پر آگیا ۔

(جاری ہے)

سٹاک ماہرین کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کیپیٹل مارکیٹ میں بحرانی کیفیت اور سرمایہ کاروں میں اضطراب کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ پر بھی دیکھے گئے ہیں ، غیر ملکی سرمائے کے مسلسل انخلا اور اتار چڑھاؤ کی کیفیت میں مقامی سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں عدم دلچسپی اور منافع کی غرض سے فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ میں مندی کی لہر منگل سے جمعہ تک مسلسل برقرار رہی۔

گزشتہ ہفتے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مجموعی طورپر 1687 کمپنیوں کا کاروبار ہواجس سے 522 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 1070 میں کمی اور 95 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے اینگرو فرٹیلائزر ، ٹی آرجی پاک لمیٹڈ، پیس پاک لمیٹڈ، ٹری اسٹار پاور، پی آئی اے ، جہانگری صدیق، سوئی ناردرن گیس، نیشنل بینک ، پی ٹی سی ایل، بائیکو پیٹرولیم، ٹی پی ایل ٹریکر ، کے الیکٹرک، فوجی سیمنٹ اور سوئی سدرن گیس کمپنی سرفہرست رہے۔

متعلقہ عنوان :