مسلم لیگ ن انتخابات میں واضح شکست کو دیکھ کر بوکھلاچکی ہے چوہدری پرویز اشرف

ریلی کے شرکاء پرامن تھے ان کے پاس کسی قسم کا کوئی ہتھیار نہیں تھا صحافیوں سے گفتگو

اتوار 14 فروری 2016 16:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) آزادکشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ ہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ چودھری پرویز اشرف نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن انتخابات میں واضح شکست کو دیکھ کر بوکھلاچکی ہے ، اور اس نے تشدد اور گلوبٹوں کے ذریعے ریاستی اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی ،وفاقی وزراء نے آزادکشمیر کی پرامن فضا کواپنے بیانات کے ذریعے پرتشدد بناتے ہوئے آزادکشمیرکومقبوضہ کشمیرمیں تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کی ہے ۔

پیپلزپارٹی گولیوں کاجواب گولیوں کے ذریعے دینا جانتی ہے تاہم ہم اپنی قائدشہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نقش قدم اور آصف علی زرداری کے فلسفہ پر چلتے ہوئے بلٹ کاجواب ووٹ کی پرچی سے دینگے ۔اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفاقی وزراء اور آزادکشمیرمیں مسلم لیگ ن کی قیادت نے آزادریاست میں خونی سیاست کاآغاز کردیاہے ۔

(جاری ہے)

جو خطہ کے لیے زہر قاتل ہے ۔

آزاد کشمیر ایک پرامن خطہ تھا جس کو اب انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں تبدیل کردیا ہے وہاں پر بھارتی فوجی کشمیریوں پر مظالم ڈھارہے ہیں اور یہاں پر وفاقی وزراء اپنے حواریوں کے ذریعے پرامن لوگوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کررہے ہیں گزشتہ رو ز نکیال میں مسلم لیگ ن کے سرکردہ رہنما سردار سکندر حیات خان نے اپنے گلوبٹوں کے ذریعے پرامن ریلی پر حملہ کرکے ایک کارکن کوشہید اور 20 کو زخمی کردیا۔

جبکہ ریلی کے شرکاء پرامن تھے ان کے پاس کسی قسم کا کوئی ہتھیار نہیں تھا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کامیاب رابطہ مہم نے مسلم لیگ ن کے چھکے چھڑا دیئے ۔مسلم لیگ ن کے تمام ورکرز کنونشن بری طرح ناکامی کاشکار ہوئے ۔اور وہ اب بوکھلاہٹ کاشکار ہوکر آزاد کشمیر کے نہتے عوام پر گولیوں کی بوچھاڑ کرکے اوران کو ڈراکر اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں انکے ان مذموم اقدام کو آزاد کشمیر کے عوام بری طرح ناکام بنائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے کارکن ووٹ کی طاقت کے ذریعے اس خون کابدلہ لینگے ۔اور پیپلزپارٹی کسی طور پر بلٹ کا جواب بلٹ کے ذریعے نہیں دیگی، عوامی جماعت ہے الیکشن میں عوام کی ووٹ سے مخالفین کو نشان عبرت بنائیں گے۔