گورنر پر تنقید،13 سالہ عراقی لڑکی کا گھر نذرآتش کردیا گیا ،13 سالہ روان سالم حسین نے ٹیلی ویژن پر ایک پروگرام کے دوران گورنر بابل پر تنقید کی تھی

اتوار 14 فروری 2016 20:49

گورنر پر تنقید،13 سالہ عراقی لڑکی کا گھر نذرآتش کردیا گیا ،13 سالہ روان ..

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14فروری۔2016ء) عراق کے تاریخی وسطی صوبے بابل کے گورنر پر تنقید کی پاداش میں ایک13 سالہ بچی کا گھر نذر آتش کردیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کے وسطی صوبے بابل کے گورنر پر تنقید کی پاداش میں13 سالہ بچی کا گھر نذر آتش کردیا گیا ،اس جرآت مند بچی روان سالم حسین نے گورنر صادق مدلول السلطانی کو ٹیلی ویژن پر ''بابل میں ثقافتی صورت حال'' کے موضوع پر ایک براہ راست مباحثے کے دوران چیلنج کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ یہ بات ثابت کریں گی کہ گورنر صاحب نے صوبہ بابل کو پچاس سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔

روان حسین کے والد سالم نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت الحلّہ میں واقع ان کے مکان کو البغدادیہ ٹی وی پر تنقید کا یہ کلپ نشر ہونے کے چند گھنٹے بعد آگ لگا دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کے ایک کپتان کا کہنا ہے کہ ایک خراب ہیٹر کی وجہ سے یہ آگ لگی تھی لیکن سالم کا کہنا ہے کہ ہیٹر تو بند تھا اور آتش گیر مواد سے آگ لگی تھی۔انھوں نے کہا کہ اس واقعے سے متعدد سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔

خاص طور پر اس کے وقت کے حوالے سے سوال پیدا ہوئے ہیں کہ راون کا ویڈیو کلپ نشر ہونے کے چھے گھنٹے کے بعد ہی یہ آگ لگنا تھی۔سالم کا کہنا تھا کہ جب آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا تو اس وقت وہ اور ان کی بیٹی دارالحکومت بغداد میں ایک احتجاج میں شریک تھے۔واضح رہے کہ کم سن راون فرانس میں منعقدہ بین الاقوامی ثقافتی میلے میں شرکت کرنے والے عراقی وفد میں شامل تھیں۔وہ بچوں اور یتیموں کے حقوق کے لیے سرگرم ہیں۔

متعلقہ عنوان :