ٹنڈو جام : ٹرین کی ٹکر سے ٹرک میں سوار 8 افراد جاں بحق، 6 زخمی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 فروری 2016 10:47

ٹنڈو جام : ٹرین کی ٹکر سے ٹرک میں سوار 8 افراد جاں بحق، 6 زخمی

ٹنڈو جام (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 فروری 2016ء) : ٹنڈو جام میں ٹرین کی منی ٹرک کو ٹکر کے نتیجے میں ٹرک میں سوار 8 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق حادثہ ٹنڈو جام کے قریب گاؤں مرید سپیو کے مقام پر پیش آیا ، منی ٹرک ڈرائیور نے جلد بازی میں ریلوے لائن کراس کرنے کی کوشش کی اور ٹرک کراچی سے لاہور جانے والی فرید ایکسپریس کی زد میں آگیا۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق پھاٹک پر کوئی اہلکار تعینات نہیں تھا اور ڈرائیور نے ٹرین آتے دیکھ کر بھی جلدی سے ریلوے لائن پار کرنے کی کوشش کی ڈرائیور کی جلد بازی کے نتیجے میں ٹرین کی ٹرک سے ٹکر ہو گئی۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹنڈوجام کی تحصیل اسپتال اور حیدر آباد سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق مٹیاری کے گاؤں دریاخان سے ہے جو مزدوری کرنے کے بعد واپس اپنے گاؤں جارہے تھے۔ دوسری جانب ڈی سی او ریلوے ناصرنذیر کے مطابق فرید ایکسپریس کےتمام مسافرمحفوظ رہے تاہم انجن کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ حادثے کے بعد ٹرین کومتبادل انجن لگاکرروانہ کردیاگیا۔

متعلقہ عنوان :